اوکاڑہ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوکاڑہ کے زیراہتمام ڈویژنل ہیڈکوارٹر اوکاڑہ میں ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں جملہ تنظیمات تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، ایم ایس ایم اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس کنونشن کی صدارت ڈاکٹر تنویر احمد سندھو نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت علامہ شبیر احمد جامی منہاجین نے حاصل کی۔ چوہدری علی احمد، ناظم ایم ایس ایم حویلی لکھا نے آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

اس موقع پر ضلعی ناظم ذوالفقار علی قادری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے تربیتی امور پر روشنی دالی اور اس کی ضرورت واہمیت سے لوگوں کو آگاہ کیا۔ خالد محمود نے تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

کارکنوں سے سیکٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ جناب رفیق احمد صدیقی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس وقت بیداری شعور کے لیے اپنی پوری قوت صرف کرنی ہو گی تاکہ قوم کو لوٹنے والوں سے بچایا جا سکے۔

تنویر احمد سندھو نے شیخ الاسلام کی آمد اور تحریک منہاج القرآن کے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کارکنوں کو بریف کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ نظام اور سیاست کو نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کے لئے سر پر کفن باندھ کر مصطفوی انقلاب کے لئے اپنا دن رات ایک کر دیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ساتھ دینے کے لئے عوام الناس کا ایک جم غفیر 23 دسمبر 2012 کو مینار پاکستان لاہور میں لے آئیں تاکہ اس ظالم طاغوتی نظام کے خلاف عوامی شعور بیدار کیا جا سکے۔

کنونشن کے اختتام پر ملک وقوم کی تعمیر وترقی اور امن وآشتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top