چکوال: سیاست نہیں ریاست بچاؤ سیمینار کا انعقاد

تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک چکوال کے زیراہتمام، سیاست نہیں ریاست بچاؤ، کے عنوان سے ایک سیمینار ملک احسان محفوظ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا؛ جس میں باشعور اور معاشرے کے تعلیم یافتہ افراد نے بھر پور شرکت کی جن میں وکلاء کی ایک کثیر تعداد، PhD ڈاکٹرز، پروفیسرز، ٹریڈرز یونین کے عہدیداران، زرعی ماہرین اور اساتذہ کے علاوہ دوسرے مکتبہ فکر کے افراد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بذریعہ پروجیکٹر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ریاست بچائیں یا سیاست کیونکہ 65 سالوں سے بلی چوہا کا کھیل کھیلا جارہا ہے اور بار بار کے الیکشن سے بھی اس نظام کے تحت کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی اور اگر اس نظام کے تحت اگر 100 مرتبہ بھی الیکشن ہوجائیں تو پہلے سے زیادہ مایوسی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی ایک سیاسی جماعت ملک کی دشمن نہیں بلکہ اس ملک کا دشمن یہ کرپٹ نظام انتخاب ہے جس میں سیاسی جماعتیں وننگ ہارسز کی مرہون منت ہوتی ہیں اور 20، 20 کروڑ روپے کے الیکشن سے یہ نظام انویسٹمنٹ منڈی بن چکا ہے جو کہ ایک شریف پڑھے لکھے، ایک وکیل، پروفیسر، ایک ٹیچر اور ایک جج کی راہ میں رکاوٹ ہے کہ وہ طبقہ آگے آسکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد کے بغیر کبھی بھی انقلاب نہیں آئے گا اور اس سلسلے میں قوم کو شعور دینے کے لئے 23 دسمبر کو پاکستان آرہا ہوں۔

پروگرام میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں صحافیوں کے علاوہ معروف تاجر قاضی محمد اکبر، چوہدری محمود اختر ایڈووکیٹ سابق صدر بار کونسل چکوال، پیر زادہ نور علی شکوری ایڈووکیٹ، چوہدری امجد جنرل سیکرٹری بار کونسل چکوال، چوہدری تمثیل ایڈووکیٹ، ڈاکٹر غلام ربانی ماہر زراعت، ڈاکٹر محمد اعجاز ماہر زراعت، پروفیسر محمد خان ہستال، محمد صفدر ماہر تعلیم، حاجی عبد الغفور شیخ صدر تحریک منہاج القرآن چکوال شامل ہیں۔

آخر میں توقیر احمد، طاہر ایڈووکیٹ نے مہمانوں کے شکریہ ادا کیا۔

عکاسی: ذیشان عباس میڈیا کورآڈینیٹر تحریک منہاج القرآن، چکوال
ترتیب و رپورٹنگ: توقیر عباس مغل میڈیا کوآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک، چکوال

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top