اوسلو ناروے : شہادت امام حسین (رض) کانفرنس

غوثیہ مسلم سوسائٹی (اوسلو، ناروے) کے پلیٹ فارم سے مورخہ 19 نومبر 2012ء کو شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کی یاد میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا جس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے جنرل سیکرٹری علامہ سید فرحت حسین شاہ (پاکستان) بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔جلسہ میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کرکے اہل بیت اور امام حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کا ثبوت دیا۔

جلسہ میں اوسلو کی تمام مساجد کے علماء کرام نے شرکت کی جن میں ورلڈ اسلامک مشن کے امام وخطیب، نوجوان مذہبی سکالر علامہ نجیب ناز، بزم نقشبندکے امام وخطیب قاری نذیر اختر قادری، مسلم سنٹر فیورسٹ کے امام وخطیب علامہ اسرار احمد قادری، علامہ نور علی سیالوی، قاری خالد محمود، جماعت اہلسنت کے امام وخطیب حافظ شیراز مدنی، مسلم سنٹر لورن سکوج کے امام وخطیب علامہ بلال شاہ، النور مسجد کے امام وخطیب سید اشرف شاہ، منہاج القرآن اوسلو کے امام حافظ صداقت علی اور دیگر مہمان شامل تھے۔جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام سے کیا گیا جس کی سعادت بزم نقشبندکے امام وخطیب قاری نذیر اخترنے حاصل کی۔غوثیہ مسلم سوسائٹی کے طالبعلم شاہ نواز خان نے نعت پیش کی۔ امام عالیٰ مقام کے حضور منقبت غوثیہ مسلم سوسائٹی کے روح رواں چودھری محمد اشرف نے پیش کی۔

علامہ سید فرحت حسین شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں دجالی اور یزیدی فتنے سر اٹھاتے دکھائی دیتے ہیں، ان کا خاتمہ حسینی کردار کے بغیر نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ کے اسوہ حسنہ پرعمل کر نے میں ہی ہماری کامیابی اور نجات ہے اور امام حسین رضی اللہ عنہ سے محبت دراصل نبی آخرالزمان محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے اور نبی کریم سے محبت دراصل اللہ پاک سے محبت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یہ پیغام اپنی نسلوں تک بھی پہنچائیں اور اپنی اولادوں کی صحیح معنوں میں تربیت کرسکیں تاکہ ہماری دنیا وآخرت سنور جائے۔علامہ سید فرحت حسین شا ہ نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور عدم تحفظ کے عفریت نے ہماری زندگیوں کا چین لوٹ لیا ہے، مذہبی اقدار رسوم بن گئی ہیں اور ملکی سیاست ذاتی مفادات میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انشاء اللہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وطن آمداستحصالی، منافقانہ اور کرپٹ نظام کے خاتمہ کاباعث ہو گی۔پروگرام کی نقابت کے فرائض غوثیہ مسلم سوسائٹی کے امام وخطیب اور معروف مذہبی سکالر مفتی محمد زبیر تبسم نے نہایت خوبصورتی سے ادا کئے۔ پروگرام کا اختتام علامہ نجیب ناز نے درود وسلام سے کیا اور ختم شریف حافظ شیرا زمدنی نے پڑھا۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع لنگر حسینی سے کی گئی۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top