جمہوریت پر یقین غیر متزلزل ہے مگر ہم ہرگز ہرگز الیکشن نہیں لڑیں گے۔ فیض الرحمن درانی

ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وطن آمد ریاست پاکستان کے استحکام اور عوامی خوشحالی کا باعث بنے گی
23 دسمبر کو مینار پاکستان میں بلا امتیاز سب سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دعوت دیں گے
جس دن ہم قوم بن گئے قائداعظم کے پاکستان کی تکمیل اسی دن ہو جائے گی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی
موجودہ نظام میں عوام کو چارے کے طور پر استعمال کر کے چند خاندان حق حکمرانی حاصل کر لیتے ہیں
اصلاحات کے بغیر الیکشن کی رسم نبھائی گئی تو کمزور ریاست ناکام ریاست بن جائے گی۔ شیخ زاہد فیاض
’’ سیاست نہیں، ریاست بچاؤ ‘‘ سیمینار سے مقررین کا خطاب

جمہوریت پر یقین غیر متزلزل ہے مگر ہم ہرگز ہرگز الیکشن نہیں لڑیں گے کیونکہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت الیکشن عوام کی پشت میں چھرا مارنے کے مترادف ہوں گے۔ افسوس ہم قوم سے ہجوم بن گئے ہیں جسکے باعث وطن عزیز کو خطرات نے گھیر لیا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وطن آمد ریاست پاکستان کے استحکام اور عوامی خوشحالی کا باعث بنے گی۔ 23 دسمبر 2012ء ملکی تاریخ میں اہم ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اس دن عوام کے حقیقی لیڈر نئے پاکستان کی تشکیل کا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھیں گے۔ پورے ملک سے امڈنے والا عوام کا سمندر مینار پاکستان کو گواہ بنا کر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی آواز پر لبیک کہے گا اور ہر کوئی ملک بچانے کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنے کا عہد کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے ماڈل ٹاؤن میں ’’سیاست نہیں، ریاست بچاؤ‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، انوار اختر ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ مروجہ انتخابی و سیاسی نظام جمہوریت اور عوام دشمن ہے۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں بلا امتیاز سب سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دعوت دیں گے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس دن ہم قوم بن گئے قائداعظم کے پاکستان کی تکمیل کا آغاز اسی دن ہو جائے گا۔ ہم انتخابات کے خلاف نہیں ہیں اور اقتدار کی پرامن منتقلی کا بہترین ذریعہ الیکشن کو ہی سمجھتے ہیں لیکن موجودہ نظام کے تحت ملک میں حقیقی انتخابات کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ دھاندلی، وننگ ہارسز، ایک حلقے پر کروڑوں کے اخراجات، برادری ازم اور الیکشن ڈے مینجمنٹ کو جمہوریت نہیں کہا جا سکتا۔ موجودہ نظام میں عوام کو چارے کے طور پر استعمال کر کے چند خاندان حق حکمرانی حاصل کر لیتے ہیں جو جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ریاست بچانے کا وقت اب ہے۔ اصلاحات کے بغیر الیکشن کی رسم نبھائی گئی تو کمزور ریاست ناکام ریاست بن جائے گی جو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ سیمینار سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top