جرمنی: منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ (جرمنی) کے زیر اہتمام شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ (جرمنی) کے زیر اہتمام مورخہ 24 نومبر2012ء کو سالانہ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد کی گئی جس میں گرد ونواح سے عاشقان نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضر ت امام حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کا اظہار کرنے کے لئے اپنی فیملیز اور بچوں کے ساتھ تشریف لائے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔حافظ عتیق، بابر چشتی، ہاشم، افضال شاہ، سکند ر اور محمد مکرم نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ نقابت کے فرائض نذیر احمد نے ادا کئے۔ ناظم دعوت وتربیت منہاج القرآن فرینکفرٹ علامہ حافظ شوکت نے فلسفہ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہوئے فرمایاکہ ذکر حسین دراصل ذکر مصطفی ہے جس نے دنیا میں ذکر حسین کیا اس نے ذکر مصطفی کیا۔ حدیث مبارکہ ہے کہ آپ سرکار دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ حسن اور حسین جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت اما م حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے نانا کے دین کی حفاظت کے لئے اپنے کنبہ کی قربانی پیش کر کے ایک ایسی مثال دی ہے جس کی قیامت تک کے لئے کوئی نظیر نہیں۔ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ باطل کے سامنے سینہ سپر ہوجاؤ۔

کانفرنس کے اختتام پر درود وسلام پیش کیا گیا اور خصوصی دعا میں امت مسلمہ کی عزت وعظمت کے لئے دعا کی گئی۔ کانفرنس کے جملہ شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ:ایم اے مرزا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top