ڈنمارک: شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام مورخہ 24 نومبر 2012ء کو شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنفس منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں خواتین وحضرات اور بچوں نے شرکت کی۔

پروگرام کے مہمان خصوصی منہاج علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید فرحت حسین شاہ تھے جو میڈیا کی جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ آپ پرائم ٹی وی پر پروگرام کرتے ہیں، منہاج ٹی وی پر الفیوضات المحمدیہ کے نام سے آپ کے پروگرام کو بہت پسند کیا جا رہاہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر سید محمود شاہ کے علاوہ الفرغانہ انسٹیٹیوٹ کے صدر ڈاکٹر ندیم عاصم، منہاج القرآن ڈنمارک کے امیر علامہ عبدالستار سراج، منہاج القرآن ڈنمارک آماگر کے ڈائریکٹر علامہ حافظ نفیس احمد، علامہ محمد اویس قادری اور منہاج القرآن ویلبی کے ڈائریکٹر قاری ظہیر احمد نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت فخر القراء قاری ندیم اختر نے حاصل کی۔ منہاج القرآن ڈنمارک نارتھ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری علامہ فیض رسول نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ منہاج القرآن کے ننھے طالبعلم نے یہ کہانی ہے حسن کی اور حسین کی کے عنوان سے داستان کربلا بیان کی۔ راجہ یٰسین نے امام عالی مقام کی شان میں منظوم کلام پیش کیا۔ قاری ندیم اختر نے ہدیہ منقبت پیش کیا۔ منہاج القرآن ڈنمارک نارتھ ویسٹ کے صدر معظم بٹ نے شہداء کربلا کی شا ن میں کلام پیش کیا۔ محمد شفیق نے پنجابی کلام پیش کیا۔ نوجوان نسل کو موثر انداز میں واقعہ کربلا کی حقیقت سمجھانے کے لئے الفرغانہ انسٹیٹیوٹ کے صدر ڈاکٹر محمدندیم عاصم نے ڈینش زبان میں خطاب کیا جس میں انہوں نے قرآن واحادیث کی روشنی میں مقام اہل بیت کو سامعین کے سامنے رکھا۔

کانفرنس میں مہمان خصوصی علامہ سید فرحت حسین شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آل کو پاک کردیا تو لوگ اہل بیت کی پاکی اور شان کو بیان کرتے ہیں اللہ ان کی زبانوں اور دلوں کو پاک کر دیتا ہے۔ اللہ جب کسی کو کوئی عہدہ اور شان عطا کرتا ہے تو پہلے اس کو پاک کرتا ہے اور اس شخص کو اس عہدے کا اہل بناتا ہے، جیسے اپنے محبوب کو بچپن ہی میں حلیمہ سعدیہ کے گھر میں سینہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو چاک کر کے پاک وصاف اور منزہ کردیا اور جب اہل بیت کی باری آئی تو رب کائنات نے حضر ت علی شیر خدا اور سیدہ فاطمہ الزھرۃ کا نکاح آسمانوں میں مقرر فرمادیا۔ جس طرح نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا خاندان لٹا دیا اور نانا کا دین بچا لیا اسی طرح آپ کو بھی رب نے جو صلاحیت دی اس کو خدا کی راہ میں پیش کردینا۔ آخر میں امیر منہاج القرآن ڈنمارک علامہ عبدالستار سراج نے کلمات تشکر پیش کئے انہوں نے علامہ سید فرحت حسین شاہ کا پروگرام میں آنے اور خطاب کرنے پر شکریہ ادا کیا، جس کے بعد قاری ظہیراحمد نے سلام پڑھا اور حافظ نفیس احمد نے دعا کی۔

رپورٹ: محمد منیر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top