دی ہیگ، ہالینڈ: شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ (ہالینڈ) کے زیر اہتمام مورخہ 25 نومبر 2012ء عظیم الشان شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سفیر عالم علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے خصوصی خطاب کیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت علامہ اصغر القادری نے حاصل کی۔ سیف علی، زین علی، راحیل اشرف، مہید چودھری، محمد ریاض اور چودھری سعید مہر نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ امانت علی چوہان نے بارگاہ پنجتن میں اشعار پیش کئے۔ علامہ حافظ نذیر احمد خان نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہادت امام حسین رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے ایک پیغام بھی ہے اور وہ پیغام وقت کے ہر مسلمان ہونے کے دعویدار حکمران جو اللہ اور پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کو نظر انداز کر کے اپنی ذاتی سوچ کے مطابق انداز حکمرانی اختیار کرلے، جس میں عوام الناس کے حقوق کی پامالی ہو، اللہ کی کبریائی کے مقابلے میں حکومت کی طاقت پر بھروسہ کرنا شروع کردے، ایسے حکمرانوں اور ایسے نظام سے بغاوت حسینیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یزید ایک شخص کا نام ہی نہیں بلکہ ایک سوچ اور نظام کا نام بھی ہے جس کی شروعات اہل بیت اطہار کی عزت وتکریم نہ کر کے کی گئی اور انتہاء آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آل پر آخری ظلم یعنی خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قتل کر کے کی، لیکن وہ لعنتی یزید یہ بھول چکا تھا کہ پیارے نبی اپنے آخری خطبہ میں ارشاد فرما چکے تھے کہ اے لوگو قرآن اور میری اہل بیت سے اپنا تعلق قائم رکھنا تو کبھی گمراہ نہیں ہوگے۔ یزید نے بظاہر تو قرآن سے تعلق رکھا کیونکہ نمازیں پڑھی جاتی تھیں، اذانیں دی جارہی تھیں اور یزید کلمہ میں رسول کا نام بھی لیتا تھا لیکن ساتھ ساتھ پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اور آپ کی اہل بیت کے ساتھ منافقت بھی جاری رکھے ہوئے تھا۔ یزید کی یزیدیت کے آگے کلمہ حق بیان کر کے اور اللہ کے حضور اپنی شہادت پیش کر کے امام حسین رضی اللہ عنہ نے اسلام کو تاقیامت زندہ کردیا، لہذا یہ بات ہمیشہ یاد رکھنے والی ہے کہ اس دنیا میں مسلمان بن کے جینے کے لئے اور اسلامی اقدار کو زندہ رکھنے کے لئے حسینی کردار اپنانا ہوگا۔

علامہ حافظ نذیر احمد خان نے مزید کہا کہ پیارے وطن پاکستان میں انداز حکمرانی بھی یزیدیت کا نقشہ پیش کر رہی ہے جس کی وجہ سے ملک کے اٹھارہ کروڑ انسان آج بنیادی حقوق سے محروم نظر آتے ہیں اس غیر منصفانہ نظام کی جڑ ہمارا کرپٹ انتخابی نظام ہے جس کی وجہ سے عوام چند سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے محکوم بن کے رہ گئے ہیں۔ اس کرپٹ اور یزیدی انتخابی نظام کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری عوام میں جار ہے ہیں۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے عوام اس یزیدی انتخابی نظام کو ٹھکرا دیں گے اور اپنے وطن عزیز کے لئے اہل قیادت کو منتخب کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top