کھڑی شریف : اختتامی تقریب آئیں دین سیکھیں کورس

منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کھڑی شریف کے زیراہتمام تین روزہ آئیں دین سیکھیں کورس کی اختتامی تقریب تحریک منہاج القرآن کھڑی شریف کے تحصیلی دفتر میں انعقاد پزیر ہوئی، جس میں خصوصی شرکت مرکزی کوآرڈینیٹر منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان اور معلمہ کورس محترمہ شمائلہ عباس، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ دینہ محترمہ سلمہ شبیر اور علاقے کی موثر شخصیات نے کی۔

اسٹیج سیکرٹری صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز میرپور شمائلہ قادری تھیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت خدیجہ بی بی نے حاصل کی، جبکہ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت آنسہ حبیبہ اور آنسہ خدیجہ نے پیش کئے۔

محترمہ شمائلہ عباس نے بیداری شعور، مصطفوی انقلاب، سیاست نہیں ریاست بچاؤ، عظیم الشان عوامی استقبال اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ اپنے سلوگن ’ہمارا عزم ہمارا کام، دعوت دین، اقامت اسلام‘ کے تحت ملک کے طول و عرض میں دعوتی فرائض سرانجام دیتے ہوئے اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آواز قریہ قریہ پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو ہونے والی ’سیاست نہیں ریاست بچاؤ عوامی اجتماع میں خواتین کو بھی کلیدی کردار ادا کرنا ہے، کیونکہ یہ وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے کی جانے والی تاریخ پاکستان کی عظیم کوشش ہے، تقریب کے شرکاء نے 23 دسمبر کثیر تعداد میں شرکت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر منہاج القرآن ویمن لیگ کھڑی شریف محترمہ تنویر اختر نے شرکائے کورس کا شکریہ ادا کیا اور کلام سیف الملوک بھی پیش کیا۔ تقریب میں محترمہ شمائلہ عباس، محترمہ سلمہ شبیر اور محترمہ تنویر اختر نے شرکائے آئیں دین سیکھیں کورس میں اسناد تقسیم کی۔

تقریب کے آخر پر محترمہ منیز اختر نے مصطفوی مشن، شیخ الاسلام کی صحت و درازی عمر اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

رپورٹ : عاصمہ جبین، ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ کھڑی شریف

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top