موجودہ انتخابی نظام کے تحت الیکشن ہوئے تو سوائے مایوسی کے قوم کو کچھ حاصل نہیں ہوگا : قاسم مرزا

وننگ ہارسز، مہنگی انتخابی مہم، برادری ازم، کرپشن اور غنڈہ گردی کے ستونوں پر کھڑا موجودہ انتخابی نظام مثبت تبدیلی کا باعث نہیں بن سکتا
موجودہ انتخابی نظام کے تحت الیکشن ہوئے تو سوائے مایوسی کے قوم کو کچھ حاصل نہیں ہوگا : قاسم مرزا، سعید خان نیازی

اسلام آباد: 02 دسمبر 2012ء مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی رہنما قاسم مرزا اور ایم ایس ایم اسلام آباد کے صدر سعیدخان نیازی نے کہا ہے کہ وننگ ہارسز، مہنگی انتخابی مہم، برادری ازم، کرپشن، غنڈہ گردی کے ستونوں پر کھڑا موجودہ انتخابی نظام مثبت تبدیلی کاباعث نہیں بن سکتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز آئی 9 میں پاکستان بچاؤ طلبہ کنونشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ کو 23دسمبر کومینار پاکستان جمع ہوکر تبدیلی کے لئے اپنا کلیدی کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت الیکشن ہوئے تو ملک و قوم کے ساتھ دھوکہ ہوگا اور کچھ گنی چنی سیٹوں کے علاوہ وہی چند سیاسی خاندان برسراقتدار ہوں گے اور پھر وہی کھیل تماشا شروع ہو جائے گا۔ موجودہ نظام کے ہوتے ہوئے کوئی بھی سیاسی جماعت عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کرسکتی اور نہ ہی ملک میں کسی تبدیلی کی توقع کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام سیاست پر قابض چندخاندانوں کی عیاشی کا نظام ہے پوری قوم اس نظام کے باعث تنزلی کے گڑھوں میں دھکیلی جاچکی ہے۔ اس نظام کے تحت مخلص، دیانتدار، ٹیلنٹ رکھنے والے اہل افراد کے لئے اس نظام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ سیاسی بصیرت کاتقاضا اور ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی معاشرے میں رائج نام نہاد جمہوری نظام کی اصلاح کی جائے اور اس مردہ نظام میں اصلاحات کے ذریعے انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں اور ان تبدیلیوں کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے فارمولے کے تحت قومی حکومت کا قیام ناگزیر ہے جو اپنے عرصے میں پچھلے 60 سالوں کے گند کا صفایا کرے اور ملک کو ایک نیا اور قابل عمل حل دے جس سے عام آدمی کو ریلیف، غریب کو روزگار، پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں مل سکیں اور پاکستانی ٹیلنٹ کو پاکستان میں رہ کر ملک کی خدمت کرنے کے مواقع میسر ہوں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top