ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن آمد سے ایک نئی صبح کا آغاز ہوگا: عمر ریاض عباسی

23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن آمد سے ایک نئی صبح کا آغاز ہوگا: ڈاکٹر عمر ریاض عباسی
عوام کرپٹ جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں: قاسم مرزا
طلبہ کو تحریک پاکستان جیسے جذبے کے تحت ملک بچانے کے لئے قربانیاں دیناہوں گی: سعیدخان نیازی

09 دسمبر 2012ء مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کے زیراہتمام پاکستان بچاؤ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میلوڈی چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب اسلام آباد کے سامنے اختتام پزیرہوئی۔ ریلی کی قیادت ایم ایس ایم کے مرکزی رہنما قاسم مرزا، ایم ایس ایم اسلام آباد کے صدر سعید خان نیازی نے کی۔ اس موقع پر ایم ایس ایم کے رہنما نعمان کریم، ندیم احمد، زرفشان علی، محسن علی، سلیم شہزاد اور بڑی تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما عمر ریاض عباسی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن آمد سے اس ملک کے کروڑوں غریبوں کے مرجھائے ہوئے چہروں پر رونق لوٹ آئے گی۔ عمر ریاض عباسی نے کہا کہ 23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں پر امن تبدیلی کا آغاز ہو گا اور اس دن ہر کوئی جان لے گا کہ پاکستان کے کروڑوں غریبوں اور پسے ہوئے طبقات کا حقیقی مسیحا کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ عوام شعور کی آنکھ کھولیں اور الیکشن کے نام پر 5 سال تک اپنا مقدر چند سیاسی خاندانوں کے پاس گروی نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم ظلم کے خلاف نہیں ٹکراتی تو پھرغلامی اس قوم کا مقدر بن جاتی ہے۔ عمر ریاض عباسی نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے تعاون پر صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا۔

ایم ایس ایم کے مرکزی رہنما قاسم مرزانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب بدترین آمریت مسلط کرنے کا ذریعہ ہے، اس لئے اب وقت ہے کہ عوام اس کرپٹ جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس فرسودہ نظام سے بغاوت کرنا ہوگی اور سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور زرداروں سے اپنے حقوق چھیننا ہوں گے۔ ایم ایس ایم اسلام آباد کے صدر سعید خان نیازی نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے تحریک پاکستان کے وقت جس جذبے کے تحت ملک بنانے کے لئے قربانیاں دیں آج ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبہ کو ایک بار پھر وہی کردار ادا کر کے ملک کو بچانے کے لئے بھی جدوجہد میں ڈاکٹرطاہرالقادری کاساتھ دیناہوگا تب ہم اپنے اور آنے والوں کو بہترین مستقبل دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں منافقت کی زندگی چھوڑ کے حق کا ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور کی بیداری کے لئے میڈیا کا اہم کردار ہے اس لئے میڈیا کو چاہئے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے پیغام کو عام کرنے کے لئے بھی اپناکردار ادا کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top