23 دسمبر کا دن ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گا۔ نوشابہ ضیاء

پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام سے سیاست کر رہی ہیں
موجودہ کرپٹ اور استحصالی نظام انتخاب کے دن گنے جا چکے ہیں
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’سیاست نہیں ریاست بچاؤ‘‘ سیمینار سے مقررین کا خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ اور استحصالی نظام انتخاب کے دن گنے جا چکے ہیں۔ کیونکہ عوام اسکی اہلیت سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ 23 دسمبر کو موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکی جائے گی۔ پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں بلکہ عوام سے سیاست کر رہی ہیں پارلیمنٹ عوام کی خوشحالی اور ملکی استحکام کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اراکین اسمبلی اور ایلیٹ کلاس کی مراعات بڑھانے میں مصروف ہے۔ قومی وقار اور ملکی مفادات کو ذاتی منفعت اور چند روزہ اقتدار پر قربان کرنے کی روش انتہا پر جا پہنچی ہے ۔

وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ’’سیاست نہیں ریاست بچاؤ‘‘ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ منشور کی سیاست کی بجائے وننگ ہارسز کے کلچر کو پروان چڑھا کر حقیقی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور انتخابات کی رسم کو ادا کرنے کا نام سیاست رہ گیا ہے ۔ وطن عزیز کی سیاست پر قابض مقتدر جماعتیں قوم کو مسلسل بے وقوف بنانے اور غیرت و حمیت کا سودا کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کی ترجیح قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے اگر وہ اس کوشش کا عشرعشیر بھی ملک کو سنوارنے پر خرچ کرتے تو آج ہماری حالت اتنی دگرگوں نہ ہوتی۔

عائشہ شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحصالی اور ظالمانہ نظام انتخاب محب وطن، باکردار اور باصلاحیت قیادت کے آگے آنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ یہ صرف معاشرے کی 2 فی صد ایلیٹ کو ہی اقتدار میں لاتا ہے۔

رافعہ علی نے کہا کہ عوام موجودہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں کیونکہ اس سے جان چھڑائے بغیر ملک و قوم کی حالت کو سنوارنے کے سفر کا آغاز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو پاکستان کے تما م صوبوں اور آزاد کشمیر سے لاکھوں خواتین مینار پاکستان کے سائے تلے ملکی حالات بدلنے کا عہد کریں گی اور 23 دسمبر ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top