پاکستان کی دھرتی پر جمہوریت کے نام پر یزیدی نظام مسلط ہے: ملک غلام حسین
23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری حسینی پیغام کے ساتھ عوام میں موجود ہوں گے
تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے ضلعی کوآرڈینیٹر ملک غلام حسین اور محمد عمران ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی دھرتی پر جمہوریت کے نام پر یزیدی نظام مسلط ہے۔ 23 دسمبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری حسینی پیغام کے ساتھ عوام میں موجود ہوں گے۔ یزیدی رویوں کے خلاف صف آراء رہنے کا شعور اگلی نسلوں کو منتقل کرنا ہر انسان کا فریضہ ہے۔ حسینیت اعلی ٰ اخلاقی رویوں، جمہوریت، انصاف، قیام امن اور غریبوں کے چہرے پر خوشحالی کی چمک لانے کی جدوجہد کا نام ہے، جبکہ یزیدیت جہالت، تاریکی، ظلم، جبر، دہشت گردی، آمریت اور کرگسی کردار کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے عظمت و رفعت، وقار اور انسانیت کو بلندی اور امن دینے کے لیے وہ قربانی دی جس کی نظیر تاریخ انسانی قیامت تک نہ دے سکے گی۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہم نام تو حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا لیتے ہیں، مگر عملًا ہمارے رویوں میں یزیدی فکر کی آمیزش ہو چکی ہے، اس لیے مختلف شکلوں میں پوری قوم عذاب الٰہی کی گرفت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام اور عوامی خوشحالی کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، جب تک قوم عظمت حسین رضی اللہ عنہ کی دہلیز پر سرنگوں ہو کر حسینی فکر کو اپنی زندگیوں میں نافذ نہیں کر لیتی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ملک کو امن کی ہریالی سے ہم آہنگ کریں گے اور منفی رویے رخت سفر باندھنا شروع کردیں گے۔
تبصرہ