23 دسمبر کا دن ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگا : حافظ محمد ادریس

پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام سے سیاست کر رہی ہیں
موجودہ کرپٹ اور استحصالی نظام انتخاب کے دن گنے جا چکے ہیں

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) اسلامیہ یونیورسٹی بھکر کے صدر حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ اور استحصالی نظام انتخاب کے دن گنے جا چکے ہیں۔ کیونکہ عوام اس کی اہلیت سے آگاہ ہو چکے ہیں، 23 دسمبر کو موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکی جائے گی۔ پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں، بلکہ عوام سے سیاست کر رہی ہیں۔ پارلیمنٹ عوام کی خوشحالی اور ملکی استحکام کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اراکین اسمبلی اور ایلیٹ کلاس کی مراعات بڑھانے میں مصروف ہے، قومی وقار اور ملکی مفادات کو ذاتی منفعت اور چند روزہ اقتدار پر قربان کرنے کی روش انتہا پر جا پہنچی ہے۔ منشور کی سیاست کی بجائے وننگ ہارسز کے کلچر کو پروان چڑھا کر حقیقی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور انتخابات کی رسم کو ادا کرنے کا نام سیاست رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سیاست پر قابض مقتدر جماعتیں قوم کو مسلسل بے وقوف بنانے اور غیرت و حمیت کا سودا کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کی ترجیح قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے، اگر وہ اس کوشش کا عشرعشیر بھی ملک کو سنوارنے پر خرچ کرتے تو آج ہماری حالت اتنی دگرگوں نہ ہوتی۔ استحصالی اور ظالمانہ نظام انتخاب محب وطن، باکردار اور باصلاحیت قیادت کے آگے آنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ یہ صرف معاشرے کی 2 فیصد ایلیٹ کو ہی اقتدار میں لاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء موجودہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، کیونکہ اس سے جان چھڑائے بغیر ملک و قوم کی حالت کو سنوارنے کے سفر کا آغاز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو پاکستان کے تمام صوبوں اور آزادکشمیر سے لاکھوں طلباء مینار پاکستان کے سائے تلے ملکی حالات بدلنے کا عہد کریں گے اور 23 دسمبر ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگا۔

اس موقع پر نبیل حشمت، محمد کلیم قریشی، ہارون گجر، انصر علی ظہوری، محمد شعیب اور عبدالماجد بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top