پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کی سابق ایم پی اے راجہ راشد حفیظ سے ملاقات
23 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے تاریخی عوامی جلسے کی دعوت
ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا ملک و قوم کے لئے بہترین مستقبل کی ضمانت ہے۔ راجہ
راشد حفیظ
پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سردارمنصورخان، غلام علی خان، ملک طاہر جاوید، میاں بابر حسین نے گزشتہ روز سابق ایم پی اے راجہ راشدحفیظ سے ملاقات کی اور انہیں 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے تاریخی عوامی جلسے کی دعوت دی۔ اس موقع پر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا ایجنڈا ملک و قوم کے بہترین مستقبل کی ضمانت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنما سردار منصورخان نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ غریبوں کے چہرے پر رونق لوٹائی جائے اور لٹیروں کے چہروں پر لالی ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کو اسلام کا معاشی نظام دیں گے۔ سردارمنصور خان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری 23 دسمبر کو مینار پاکستان کے تاریخی میدان میں لاکھوں افراد کے سامنے قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے اور 23 دسمبر کو وطن واپس آ کر ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا فقید المثال استقبال ملک میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ وطن عزیز میں نظام کی تبدیلی کا علم اٹھانے والی تحریک منہاج القرآن ملک کے غریب عوام کا مقدر بدل دے گی۔ مینار پاکستان 23 دسمبر کو عوام کا ایسا سمندر دیکھے گا جو اپنے محبوب قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کیلئے دیدہ دل فرش راہ کئے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف جدوجہد سے آئے گی۔ تحریک منہاج القرآن قوم کو تبدیلی کا درست راستہ دکھا رہی ہے۔ جس پر چل کر خوشحالی اور استحکام کی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔
غلام علی خان نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ 23 دسمبر کو مینار پاکستان پر پہنچ کر کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے اپنا کردارادا کرے۔
اس موقع راجہ راشد حفیظ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے نظریات کو سراہتے ہوئے ملک میں تبدیلی کے ایجنڈے کو غریب عوام کے لئے ایک احسن اقدام قراردیا۔
تبصرہ