اسلام آباد : ریاست بچاؤ علماء ومشائخ کنونشن

15 دسمبر 2012ء کو منہاج القرآن علماء کونسل فیڈرل ایریا اسلام آباد کے زیراہتمام بسلسلہ ’عوامی اِستقبال 23 دسمبر 2012‘ مل پور میں عظیم الشان ’ریاست بچاؤ علماء و مشائخ کنونشن‘ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں NA-49 فیڈرل ایریا اسلام آباد کے تمام مسالک ومکاتبِ فکر کے علماء ومشائخ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام میں تلاوت معروف قاری علامہ گلزار احمد مدنی نے کی، جبکہ نعت کی سعادت قاری عابد قادری نے حاصل کی۔ کنونشن میں علامہ مفتی محمد خطیب مصطفائی، پیر سید سلیم گیلانی، علامہ قاری محمد عظیم، علامہ قاری محمد عمیر، علامہ میر اشتیاق احمد ایڈوکیٹ، علامہ محمد ثناء اﷲ اور فیڈرل ایریا کے بے شمار علماء ومشائخ نے شرکت کی۔

مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عظیم الشان عوامی استقبال کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ اور جابرانہ انتخابی نظام ہی درحقیقت مصطفوی انقلاب کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور تمام تر برائیوں کی جڑ ہے۔ اس نظام نے 65 برس سے پوری قوم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آج جب پوری قوم کو پکارا ہے تو اِس آواز پر سب سے پہلے لبیک کہنے کی ذمہ داری وارثانِ ممبر ومحراب اور ساکنان خانقاہ ہی کی ہے، کیونکہ کوئی بھی اسلامی تحریک علماء ومشائخ کی سرپرستی کے بغیر اپنی منزل کو نہیں پا سکتی۔ اگر آج علماء ومشائخ میدان عمل میں اتر کر رسم شبیری ادا نہیں کریں گے تو آنے والی نسلیں کسی بھی اور طبقے سے بڑھ کر اُنہیں قصور وار ٹھہرائیں گی۔

کنونشن میں منہاج القرآن علماء کونسل صوبہ پنجاب کے صدر علامہ حاجی امداد اﷲ قادری نعیمی، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب علامہ میر آصف اکبر، علامہ پروفیسر عبد القدوس درانی، پیر سید عبد الرشید قادری، سید عبد اﷲ شاہ الحسینی صدر منہاج القرآن علماء کونسل NA-49، سید بشیر حسین شاہ صدر تحریک منہاج القرآن NA-49، قاری امیر عثمان ناظم جماعت اِسلامی بھارہ کہو سرکل، منہاج القرآن علماء کونسل NA-49 کے سینئر نائب صدر علامہ محمد اشفاق ہمایوں اور ناظم نشرو اشاعت علامہ ڈاکٹر محمد شیر سیالوی نے خطاب کیا، جبکہ نقابت کے فرائض ناظم منہاج القرآن علماء کونسل NA-49 سید حیدر علی بخاری نے ادا کیے۔

رپورٹ : سید حیدر علی بخاری،ناظم منہاج القرآن علماء کونسل
NA-49 فیڈرل ایریا اسلام آباد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top