ہالینڈ: دی ہیگ میں 23 دسمبر کا تاریخی عوامی اجتماع براہِ راست دکھایا جائے گا
ہالینڈ: وطن عزیز پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے لئے حالات بن چکے ہیں اور پاکستان کے بے شمار سیاست دان، میڈیا اور سول سوسائٹی کے افراد سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے نعرے کی حمایت میں کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ پاکستان کے مشائخ عظام بھی تبدیلی کی اس فضا میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں، ظالمانہ اور استحصالی نظام کے شکار عوام کی بہت بڑی تعداد پاکستان میں رائج استحصالی نظام کو چیلنج کرنے پر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور 23 دسمبر کو مینارِ پاکستان لاہور پر ہونے والے تاریخی اجتماع کا شدت سے انتظار کررہے ہیں اور اس تاریخی اجتماع کو کامیاب کرنے کے لئے سرگرمِ عمل ہوچکے ہیں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل، دی ہیگ، ہالینڈ نے اس تاریخی عوامی اجتماع کو مینار پاکستان لاہور سے براہ راست ایک بہت بڑی سکرین پر دکھانے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں جس میں ہالینڈ بھر سے پاکستانی عوام بھرپور شرکت کریں گے اس موقع پر خواتین اور بچوں کے لئے بھی خطاب سننے کی سہولت ہوگی۔
اس تاریخی اجتماع کو دکھانے کا انتظام دی ہیگ میں منڈیلا پلین پر یونس ایمرے سکول کے سپورٹس ہال میں کیا گیا ہے۔ پروگرام ہالینڈ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوگا۔ صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل ہالینڈ (دی ہیگ) چوہدری خالد محمود نے ایک بیان میں کہا کہ آج وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے حالات پر فکر مندی کا اظہار کرنے والے تمام احباب اپنی صبح کی نیند کی قربانی دیں اور پاکستان کی تقدیر بدلنے کا جو منصوبہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قوم کے سامنے پیش کرنے جارہے ہیں اسے براہِ راست سنیں اور فیصلہ کریں کہ اس وقت ہم نے اپنی سیاست کو بچانا ہے یا ریاست (پاکستان) کو بچانا ہے۔
رپورٹ: امانت علی چوہان
تبصرہ