23 دسمبر کا دن پاکستان کو لاحق خطرات کے رخصت ہو نے کا دن ہو گا: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

موجودہ نظام انتخاب کے خلاف لاہور سے شروع ہونے والی تحریک پوری قوم کا مقدر بدلے گی۔
یورپین ممالک سے منہاج القرآن کے کارکنان کی پاکستان روانگی کا سلسلہ جاری۔

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ فرسودہ کرپٹ اور استحصالی نظام انتخاب کے خاتمہ کی نتیجہ خیز جدوجہد کے آغاز میں 72 گھنٹے رہ گئے ہیں۔ مینار پاکستان میں 23 دسمبر کو عوامِ پاکستان کے تاریخی اجتماع کا نظارہ دیکھ کر ملک کا محب وطن طبقہ مایوسی کے اندھیروں سے نکل کر ایک نئے ولولے کے ساتھ ڈاکٹر طاہرالقادری کے قافلے کا ہمسفر ہو جائے گا۔ 23 دسمبر 23 مارچ کی طرح تاریخ کے صفحات میں امر تو ہو گا ہی مگر آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی تابناک ہو جائے گا۔ 23 دسمبر کا دن پاکستان کو لاحق خطرات کے رخصت ہو نے کا دن ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ایک ایسی فکر کا نام ہے جسکا خمیر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین مقدسین کی دھول سے اٹھا ہے۔ پاکستان کو میثاق مدینہ کے دستور کے مطابق ایسی فلاحی ریاست بنانا مقصود ہے جس پر عالم اسلام رشک کر سکے۔ بہت جلد پوری دنیا دیکھ لے گی کہ پاکستان معاشی و سیاسی برتری کا سفر کس تیزی سے طے کرتا ہے۔ وہ گذشتہ روز 23 دسمبر کے حوالے سے مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، علامہ صادق قریشی، علامہ رفیق حبیب، سہیل صدیقی، احمد نواز انجم اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ قوم چند دن بعد جان لے گی کہ پاکستانی قوم کا مسیحا کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب کے خلاف لاہور سے شروع ہونے والی تحریک پوری قوم کا مقدر بدل دے گی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کو ضروری ہدایات بھی دیں۔

دوسری طرف 23 دسمبر 2012ء کے تاریخی عوامی اجتماع میں ذاتی طور پر شرکت کے لیے یورپین ممالک سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء و وابستگان کی پاکستان روانگی کا سلسلہ جاری ہے جو کہ پاکستان میں اپنے اپنے علاقوں سے قافلوں کے ہمراہ 23 دسمبر کو مینار پاکستان پہنچیں گے۔ اس سلسلہ میں پروفیسر حسن میر قادری (فرانس)، چوہدری اعجاز احمد وڑائچ (ناروے)، حاجی محمد اسلم (فرانس)، محمد نواز کیانی (سپین)، محمد ظل حسن قادری (سپین)، محمد افضل انصاری (ناروے)، محمد نواز قادری (سپین)، مرزا آفتاب احمد (سپین)، مرزا افضال احمد (اٹلی)، اقبال چوہدری (سپین)، فیصل مرزا (ہالینڈ) اور دیگر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top