تقریب رونمائی ’قبلہ نامہ‘
گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن ہارون آباد کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حوالےسے لکھی جانے والی نوجوان شاعر خواجہ اللہ رکھا سیاف ایڈووکیٹ کی شاعری کی کتاب قبلہ نامہ کی تقریب رونمائی اسلامک سنٹر میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت پیر مقصود احمد چشتی نے کی جبکہ ڈاکٹر قاضی حسین احمد اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ قاری غلام رسول نے تلاوت کلام مجید سے تقریب کا آغاز کیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت قاری محمد آصف نے حاصل کی۔ قاری دین محمد نے قبلہ نامہ سے منتخب کلام پیش کیا۔ اس موقع پر مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہمہ جہت خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
نوجوان شاعر نے اپنی کتاب ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہمہ جہت خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے لکھی ہے اور ڈاکٹر صاحب کی ہمہ جہت خدمات کو منظوم انداز میں پیش کرنےکی عمدہ سعی کی ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر قاضی حسین احمد نے کہا کہ بلاشبہ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام کے حقیقی پیغام کو عوام الناس تک پہنچا رہے ہیں۔ ان کی آواز پر لبیک کہنا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اگر ہم نے وطن عزیز میں تبدیلی لانے کا یہ موقع گنوا دیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
پیر مقصود احمد چشتی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی فلاحی سرگرمیاں دراصل وطن عزیز کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کی حقیقی کاوش ہیں۔ ان کا سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ وقت کی آواز ہے کیونکہ نام نہاد جمہوریت اور اس فرسودہ نظام کے علمبرداروں نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ اور چہروں کی مسکراہٹ چھین لی ہے۔
اس موقع پر ذبیر سیاف، عبدالرحیم، علامہ قاری محمد آصف صدر علماء کونسل، حاجی معظم علی ڈویژنل صدر پاکستان تحریک انصاف اور مفتی خوشی محمد نےبھی اظہار خیال کیا۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض علامہ واجد نعیم قادری نے سرانجام دیئے۔
تبصرہ