گوجرانوالہ : منہاج القرآن علماء کونسل کا ریاست بچاؤ علماء و مشائخ سیمینار

منہاج القرآن علماء کونسل گوجرانوالہ کے زیراہتمام سیاست نہیں ریاست بچاؤ علماء و مشائخ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں احمد مجددی ، مولانا عبدالعزیز چشتی، پیر محمد اشرف قادری نوشاہی المعروف شیرانوالی سرکار، مفتی فضل حق فاروقی، مولانا پروفیسر عبدالرحمن جامی، سید محسن علی شاہ، مفتی محمد حسین صدیقی ، علامہ مفتی نور احمد اورحافظ یعقوب فریدی سمیت گوجرانوالہ کے 200 علماء و مشائخ نے شرکت کی۔

مولانا عبدالعزیز چشتی اور پیر رفیق احمد مجددی و دیگر مقررین نے کہا کہ سیاست نہیں ریاست بچاو ٔ کا نعرہ منتشر مجمع کو پھر سے ایک قوم بناسکتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری مایوس دلوں کیلئے راحت کا پیغام لیکر آرہے ہیں۔ یہ مناسب وقت ہے کہ ہر طبقہ فکر کے لوگ 23دسمبر کو مینار پاکستان لاہور پہنچ کر علامہ اقبال اور قائد اعظم کے پاکستان کی تکمیل کیلئے انکا ساتھ دیں۔

 مقررین نے کہا کہ 65سالہ پاکستانی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی نے حقیقی دشمن کی نشاندہی کرتے ہوئے اس ظالمانہ نظام انتخاب کیخلاف علم بغاوت بلند کیا۔ جس نے قوم کو غربت ، افلاس ، جہالت ، فرقہ واریت اور دہشتگردی کیخلاف کچھ نہیں دیا۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کا سرمایہ ہیں۔ لہذا پوری قوم انکی قیادت میں ایک مستحکم پاکستان کی طرف قدم بڑھا کر 65سالہ کوتاہیوں کا ازالہ کرسکتی ہے۔

 دوسو علماء و مشائخ نے ڈاکٹر طاہر القادری کی ملکی و عالمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے متعلقین اور مریدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ قافلہ در قافلہ 23دسمبر کو مینار پاکستان پہنچیں۔ سیمینار میں عالمی ادارہ تنظیم الاسلام ، اسلامک فرینڈز پاکستان ، ایجوکیشن فورم آف پرائیویٹ انسٹیٹیوٹس، جامعہ نظامیہ قمر الاسلام، جامعہ تنظیم الاسلام، جماعت اہلسنت کھیالی شاہ پور، جامعہ نصرت العلوم، جامعہ باہو، دارالعلوم نوشاہیہ اور آستانہ عالیہ شیرانوالی سرکار، آستانہ عالیہ سید محسن علی فیروز والہ شریف و دیگر مدارس سے تعلق رکھنے والے 200 علماء و مشائخ نے کہا کہ جس طرح ہمارے اکابرین نے پاکستان بنانے کی جدوجہد میں حضرت قائد اعظم کا ساتھ دیا آج پاکستان بچانے کیلئے ہم شیخ الاسلام کے شریک جدوجہد ہونگے۔

اس موقع پرمنہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ، سید ہدایت اللہ،سید علی عابد مشہدی، جماعت اہلسنت کھیالی شاہ پور کے مرکزی چیئرمین، علامہ مفتی نور احمد، صدر الحاج اصغر قادری، جماعت اہلسنت کے صوبائی رہنما حافظ یعقوب فریدی، پروفیسر حمید القادری، ضلعی امیر عمران علی ایڈووکیٹ، ضلعی میڈیا کوآرڈینیٹر حکیم رفعت اشفاق و دیگر بھی شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top