موجودہ حکمران کس منہ سے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لینے کی بات کرتے ہیں: فاروق بٹ

روٹی کپڑا اور مکان اور غریب عوام کی بات کرنے والے حکمرانوں نے عوام کو سوائے لائنوں میں کھڑا کرنے کے اور کچھ نہیں دیا۔
سی این جی کے بعد کل سے پٹرول کا بھی صفایا کر دیا گیا عوام پٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے رہنما فاروق بٹ نے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں پر کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور مرکز کے حکمران بار بار آزمائے جاچکے ہیں اور گزشتہ پانچ سالوں میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز اس ملک میں نظرنہیں آئی، دونوں دھڑوں نے اپنی اپنی دہاڑیں لگانے میں سارا وقت لگا دیا، آج وہ کس منہ سے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لینے کی بات کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، کرپشن، دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکا، اس کے بعد سی این جی کے حصول میں عوام کو ذلیل و رسوا کردیاگیا اور اب پٹرول کا بھی صفایا ہو گیا کل سارا دن اسلام آباد راولپنڈی کے عوام پٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے، حکمرانوں نے عوام کا جینا حرام کردیا اورخود محلات میں عیاشیاں کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ غریب ترین ملک میں حکمرانوں کی عیاشیاں قابل قبول نہیں ہیں، قوم 14 جنوری کو اسلام آباد پہنچ کر اس ظالمانہ نظام کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کے لئے تیارہوجائے، انہوں نے کہا کہ غریب عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھانے والے حکمران عوامی سیلاب میں بہ جائیں گے، فاروق بٹ نے بتایا کہ 14 جنوری کے عوامی مارچ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے عوامی تحریک کل سے باقاعدہ عوام رابطہ مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعت کو دعوت دی جائے گی تاکہ 23 دسمبر کی طرح 14 جنوری بھی تاریخ میں رقم ہوجائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top