انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر سعید ظفرگچی نے لاکھوں کارکنان سمیت عوامی مارچ کی مکمل حمایت اور شمولیت کااعلان کردیا

آج حالات کا تقاضہ ہے کہ ملکی حالات آئین پاکستان کے تحت چلائے جائیں تاکہ پاکستان کے ادارے مضبوط ہوں

پاکستان کی سلامتی، ملکی بقاء، ملکی اداروں کی مضبوطی، ریاست کے تمام ستونوں کو آئین کے تحت مضبوط کرنے کیلئے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سیاست نہیں ریاست بچاؤ ایجنڈے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انجمن طلباء اسلام پاکستان کے مرکزی صدر سعید ظفر کھچی نے انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی رہنماؤں منیر احمد مصطفائی، شاہد احمد خان، حمزہ قادری اور کلیم اعوان نے تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی حالات 1947 سے ابتر ہیں۔ ہر آمر اور سیاست دان نے ملکی سرحدوں کی حفاظت اور ملکی بقاء کی بجائے اپنی کرسی مضبوط کرنے کی سیاست کی ہے۔ آج حالات کا تقاضہ ہے کہ ملکی حالات آئین پاکستان کے تحت چلائے جائیں تاکہ پاکستان کے ادارے مضبوط ہوں آج ہر ادارے کا ستیاناس کردیا گیا ہے۔

آج انجمن طلبہ اسلام کے لاکھوں کارکنان ملکی بقا کی خاطرسربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ایجنڈے کی حمایت کرتے ہیں اور لانگ مارچ میں بھرپور شمولیت کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے MQM کی علیحدگی سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحب کیلئے فائدہ مند ہے۔ کیونکہ پاکستان کا باشعور طبقہ MQMکے نظریات کا مخالف ہے۔ یہ صرف مفاد کی سیاست کرتے ہیں یہ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ کھیلتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک نظام نہیں بدلے گا تو کچھ نہیں بدلے گا۔ جب نظام تبدیل ہوجائے گا اس وقت سب ٹھیک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چند خاندانوں کی سیاست ہے اس کے خلاف انجمن طلبہ اسلام ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام 46 سال سے وڈیروں جاگیرداروں، سرمایہ داروں کے خلاف برسر پیکار ہے۔ اس ایجنڈے پر جو بھی بات کرے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اپنی موت آپ مرنے کے قریب پہنچ چکی ہیں اور کچھ کو ہم خود اٹھا کر ساحل سمندر میں پھینک دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام قومی اور صوبائی انتخابات سے پہلے طلبہ یونین کے انتخابات چاہتی ہے۔ جو ملکی بقاء کیلئے ضروری ہیں۔ جان بوجھ کر نوجوانوں قوت کو پس پشت لگایا جارہا ہے۔ تاکہ یہ لوگ اپنی آواز نہ بلند کرسکیں۔ آج ملک آگ اور خون میں لپٹا ہوا ہے اور حکمران سب اچھے کی رپورٹ د ے رہے۔ ملک نہ بجلی ہے نہ گیس، نہ ڈیزل نہ پٹرول ہمارا حکمرانوں سے سوال ہے کہ آپ سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں آخر کیوں؟ آئے روز لاشوں کے انبار لگے ہوئے ہیں، آج یہ کچھ پاکستان میں ہو رہا ہے۔ آج مخلص قیادت کو آگے لا کر ہم نظام تبدیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام مسلک حق اہلسنت کی ملک گیر طلبہ تحریک ہے ہمارے اعلان کے بعد امید ہے تمام سنی جماعتیں بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کی حمایت کا اعلان کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top