مسلم لیگ (حقیقی) نے لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا
بدعنوانوں کو عوام کے سامنے جھکنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی نوید
خان سے گفتگو
عوام ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کا حصہ بنیں۔ سربراہ مسلم لیگ (حقیقی)
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پاکستان مسلم لیگ (حقیقی) کی جانب سے لانگ مارچ میں شرکت اور انتخابی اصلاحات کے ا یجنڈہ کی حمایت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے 18 کروڑ مظلوم عوام کی تحریک ہے جو منزل کے حصول تک جاری رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (حقیقی) کے سربراہ نوید خان سے گفتگو میں کیا جنہوں نے بدھ کی شام تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے اپنی جماعت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے ایجنڈہ اور لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات اور لانگ مارچ کے لئے مختلف جماعتوں، معاشرے کے طبقات اور عوام کی جانب سے انتہائی مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ عوام کی تائید وحمایت میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک سے پریشان بدعنوان عناصر عوام کو جھکانے کے بجائے آئین کے تقاضوں کے سامنے سرتسلیم خم کریں۔ بدعنوانوں کو عوام کے سامنے جھکنا پڑے گا۔ انہوں نے نوید خان اور ان کی جماعت کے کارکنوں اور ذمہ داران کا شکریہ اداکیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (حقیقی) کے سربراہ نوید خان نے کہا کہ ان کی جماعت اور کارکنان پاکستان میں آئین کی روشنی میں انتخابی تقاضوں اور شرائط کی پاسداری کے نیک کام میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ یہ پاکستان کے عوام کے دل کی آواز اور پاکستان کے قومی وجود پر لگنے والے زخموں پر ایک مرہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھے گی کہ 13 جنوری کی صبح لاہور سے روانہ ہونے والا مارچ 14 جنوری کو اسلام آباد پر قابض بدعنوان مغرور ٹولے کی گردن کے سریے کو کیسے ڈھیلا کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کا حصہ بنیں۔
تبصرہ