14 جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے عوامی پارلیمنٹ لگائیں گے: شیخ زاہد فیاض

تحریک منہاج القرآن اول دن سے عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے میدان عمل میں ہے۔
ہم اپنے قائد کے حکم پر شہادت کی تمنا لے کر اسلام آباد جا رہے ہیں: شیخ زاہد فیاض

فیصل آباد : تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تحریک منہاج القرآن اول دن سے عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے میدان عمل میں ہے۔ 32 سال کے عرصہ میں دنیا کے 90 ممالک میں اپنا وسیع نیٹ ورک قائم کرچکی ہے۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں 20 لاکھ سے زائد خواتین و حضرات کا اجتماع اپنے محبوب قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے جمع ہوا۔ اس اجتماع میں عوام کے جم غفیر میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان میں موجود انتخابی نظام میں آئین پاکستان کی روشنی میں اصطلاحات کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ 65 سالوں سے عوام پاکستان کے بنیادی حقوق کو غصب کیا جارہاہے۔ عوام کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں بیروزگاری کے ہاتھوں تنگ لوگ خودکشیاں کررہے ہیں۔ ملک کی اپنی پیدا کردہ بجلی، گیس ملک سے غائب ہوچکی ہے لوگ احساس کم تری میں مبتلا ہوکر بغاوت کی طرف جارہے ہیں وطن عزیز کی سالمیت اور عوام کے حقوق کی بحالی اس کے بغیر ناممکن ہے اس فرسودہ، کرپٹ، استحصالی نظام انتخاب میں اصلاحات کی جائیں اوریہ اصلاحات پاکستان کے آئین کی روشنی میں کی جائے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایجنڈہ عوامی فلاح کا ایجنڈہ ہے۔ ہم اپنے قائد کے حکم پر شہادت کی تمنا لے کر اسلام آباد جا رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ 10 جنوری تک اصلاحات کی جائیں ورنہ 40 لاکھ مرد و خواتین اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ پریس کانفرنس میں ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری، ناظم انجینئر محمد رفیق نجم، میاں کاشف محمود، حاجی امین القادری، عبدالجبار بٹ، جنرل سیکرٹر ی پاکستان عوامی تحریک، میاں عبدالقادر قادری، رانا طاہر سلیم، رانا نثار احمد شہزاد نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے کراچی سے خیبر تک ہر گلی محلے سے پاکستانی قوم نکلے گی اوراس کرپٹ نظام کو سمندر برد کردے گی۔ عوامی لانگ مارچ کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں اس کے لیے مختلف سیاسی و مذہبی، رفاہی، سماجی، این جی اوز، مزدورتنظیمیں، کسان تنظیمیں، رکشہ یونین تنظیمیں، تاجر تنظیمیں، علماء کرام، مشائخ عزام ہم سے رابطے کررہے ہیں۔

زندگی کے ہر طبقہ سے اس لانگ مارچ میں افراد شرکت کریں گے۔ ہم فیصل آباد کی انتظامیہ کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی ایجنسیاں پولیس اہلکاروں کے ذریعے تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو حراساں کرنے کا سلسلہ فوری طورپر بند کیاجائے ورنہ فیصل آباد کے ہر چوک کو التحریر سکوائر چوک میں بدل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق پولیس افسران لاری اڈا جا کر بس مالکان کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر لانگ مارچ کے لیے تم نے بسیں دیں تو تمہارے پرمٹ منسوخ کردیں گے۔ ہم ان افسران سے درخواست کرتے ہیں کہ اس حکومت کے صرف گنتی کے دن رہ گئے ہیں۔ ان کے غیر قانونی احکامات کو مت مانیں چند ہفتوں بعد یہ حکومت چلی جائے گی 14 جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عوامی پارلیمنٹ لگائیں گے جس میں ملک و قوم کی تقدیر کے فیصلے ہونگے۔

اس موقع پر جن تاجر تنظیموں، لیبر تنظیموں، علماء ومشائخ نے لانگ مارچ کی حمایت کی ان میں لیبر قومی مومنٹ کے چیئرمین میاں عبدالقیوم، انجمن تاجران نیو انار کلی سمن آباد محمد بلال بٹ، پیر مسعود احمد لاثانی سرکار، پیر سید غلام محی الدین شاہ رسالے والا، پیر محمد افضل قادری، تحریک فروغ عشق رسول ﷺ، پیر سید محمد ایوب شاہ 232 شریف، پیر سید علی مرشد شاہ شہباز پور، صاحبزادہ عبدالرسول بوڑے والا، پیر سید تنویر حسین شاہ گرو سر، پیر سید الطاف حسین شاہ گلالی پور، چیئرمین عوامی جسٹس پارٹی غلام مصطفیٰ منگن، صدر میلاد کمیٹی فیصل آباد حاجی منیر احمد نورانی، چیئرمین اتحاد موومنٹ پاکستان رانا رئیس احمد خان شامل ہیں۔

سینئر رہنما عوامی جسٹس پارٹی سیدہ نگہت اشفاق حسین نے عوامی لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اس لانگ مارچ میں شرکت کریں گے اورجب تک شیخ الاسلام کا حکم ہوا ہم اسلام آباد میں ٹھہرے رہیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top