گوجرانوالہ : ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض کی پریس کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی گوجرانوالہ آمد سے شہر کا سیاسی نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔ 15 فروری کو عوام ثابت کردینگے کہ پہلوانوں کا شہر انقلاب کے متوالوں میں بدل چکا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد نے محروم طبقات میں حقوق کا شعور بیدار کر دیا ہے اب کوئی لٹیرا یا بدمعاش غریبوں کے حق پر ڈاکہ زنی نہ کرسکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ کے مقامی ہوٹل میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے صدر الحاج اصغر مہر، جنرل سیکرٹری اعجاز ڈار، تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر عمران علی ایڈووکیٹ، نائب صدر چوہدری اسد گوندل، ضلعی میڈیا کوآرڈینیٹر علی رضا ملک، حاجی احسان اللہ مہر، حکیم رفعت اشفاق، مہر شفاقت علی، راشد میر، ڈاکٹر فضل غزالی و دیگر بھی موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ 65 سالوں میں حکمرانوں نے عوامی مسائل کو نظر انداز کر کے اپنی نااہلی ثابت کر دی۔ ہماری جدوجہد سے نااہل اور بددیانت مافیا اسمبلیوں سے آؤٹ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی پرامن آئینی اور جمہوری جدوجہد سے عوامی انقلاب کا آغاز ہوچکا ہے۔ ہم عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور صحت جیسی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ اگر ترقیاتی فنڈز کے نام پر بددیانتی ختم کر کے عوام کو گیس اور بجلی جیسے متبادل حقوق نہ دیئے گئے تو انہیں سر چھپانے کی جگہ میسر نہیں آئے گی۔

شیخ زاہد فیاض نے واضح کیا کہ ہم ایسی جمہوریت کے قائل ہیں جس سے ملک و قوم مستحکم و خوشحال ہوں۔ انتخابات ملتوی کروانا ہمارا ایجنڈا نہیں، تاہم شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں جو ملک و قوم کا مقدر بدل سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top