ملتان کا تاریخی جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور ڈاکٹر طاہر القادری اپنے اگلے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔ رحیق احمد عباسی

کوئٹہ میں ہونے والے سانحہ کو ملکی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے
ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے
مہنگائی، لوڈشیڈنگ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا عفریت عوام کی خوشحالی کو نگل رہا ہے
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پشاور بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملکی سالمیت اور استحکام کے خلاف گہری سازش ہیں۔ انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے سانحہ کو ملکی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ یہ واقعہ وفاقی اور صوبائی حکومت کیلئے اہم سوالات چھوڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفادات سے کھیلنے والوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ نکلنا ان کی کارکردگی کی قلعی کھول رہا ہے۔ جس ملک میں عوام کے جان و مال محفوظ نہ ہوں وہاں کے داخلی معاملات کا کھوکھلا پن پوری دنیا پر عیاں ہو جاتا ہے۔ ریاست کے اندر ریاست بنانے والے انتہا پسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی سنجیدہ پلاننگ کر کے آئندہ ایسے واقعات کو روکنا ہو گا۔ کچھ افسران کو معطل کر دینا یا تبدیل کرنا یا روایتی تحقیقاتی کمیٹی بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ایسے واقعات، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ان وجوہات کو ختم کرنا ہو گا جن کے باعث ہمارا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔

وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے آج پاکستان عوامی تحریک کے تحت ملتان میں ہونیوالے جلسے کو پنجاب کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ تاریخی جلسہ پاکستان اور بالخصوص جنوبی پنجاب کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔ عوام ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی ایجنڈے کے ساتھ ملتے جا رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب عوام اور انکے حقوق کے درمیان فاصلہ ختم ہو جائیگا۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ملتان کا تاریخی جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور ڈاکٹر طاہر القادری اپنے اگلے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، پشاور کے بعد اب کوئٹہ کے حالات بھی مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔ آئے روز انتہا پسند نہتے شہریوں کو بڑی بے رحمی کے ساتھ نشانہ بناتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک ایسے سفاکانہ رویوں کی پرزور مذمت کرتی ہے جنہوں نے کوئٹہ اور کراچی کے امن کو چاٹ لیا ہے۔ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔ لسانی بنیادوں پر قتل و غارت گری کے بازار گرم کرنیوالے ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں۔ ان کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ امن و امان کی ابتر صورتحال نے ملکی معیشت پر گہرے منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس کے باعث عوام براہ راست مسائل کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا عفریت عوام کی خوشحال کو نگل رہا ہے اور ایک یا 2 فیصد مراعات یافتہ طبقہ عیاشیاں کر رہا ہے۔ آئندہ نسلوں کا مستقبل گروی رکھ دیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کی تائید سے نظام کی تبدیلی کی منزل سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top