حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے جلتی پر تیل چھڑکا ہے: ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 01 مارچ 2013ء

چند روز کے مہمان حکمرانوں نے جاتے جاتے بھی عوام دشمنی کی روش نہیں چھوڑی۔
عوام پچھلے 5 سالوں سے اس حکومت کے ظلم گن رہی ہے اور اب الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات میں کئے گئے اضافے کو واپس لے: ڈاکٹر رحیق عباسی

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ ملک بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہے اور لوگ سڑکوں پر جمع ہو رہے ہیں۔ قتل و غارت گری، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ سے ساری قوم خوف میں مبتلا ہے۔ پانی، بجلی، گیس اور اشیاءِ خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ اس شدید سردی کے موسم میں10 سے 12 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، روز بروز ان بگڑتے حالات پر قابو پانے کی بجائے حکومت نے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے جلتی پر تیل چھڑکا ہے۔

بے روزگاری اور حالات سے ستائے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہے۔ چند روز کے مہمان حکمرانوں نے جاتے جاتے بھی عوام دشمنی کی روش نہیں چھوڑی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کر کے ضروریات زندگی کی ہر شے کو مہنگا کرنے اور عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی روش کو جاری رکھا ہے۔ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ عوام پچھلے 5 سالوں سے اس حکومت کے ظلم گن رہی ہے اور اب الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات میں کئے گئے اضافے کو واپس لے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس ظالمانہ اور فرسودہ نظام انتخاب کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والوں کی نااہلیوں کی وجہ سے پچھلے 5 برسوں میں پاکستا ن کی معیشت کی سالانہ شرح نمود 2.09 فی صد ہے جبکہ بنگلہ دیش اور ویت نام کی6.5 فی صد ہے۔ افسوس ہم بنگلہ دیش اور ویت نام سے بھی پیچھے ہیں۔ ہمارے ساتھ آزاد ہونے والا ملک دنیا کی 7 ویں بڑی طاقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حالت یہ ہے کہ ہمارے نااہل حکمران اور سیاست دان ان تمام عوامی مسائل سے قطع نظر اپنے اقتدار کو طول دینے میں مصروف ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top