غیرجانبدار اور شفاف الیکشن کی امیدیں دم توڑتی ہوئی محسوس ہورہی ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری
الیکشن کمیشن ہرآنے والے دن اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹتا
جارہاہے
روائتی الیکشن کے ذریعے چندکرپٹ سیاسی خاندان ہی پارلیمنٹ میں پہنچ سکیں گے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے اب تک کے اقدامات سے غیرجانب دار اور شفاف الیکشن کی امیدیں دم توڑتی ہوئی محسوس ہورہی ہیں لگتاہے کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوںکے ساتھ مل کر کرپٹ سیاست کوجتوانے اور ریاست پاکستان کوہروانے کے لئے کام کررہا ہے، ڈگریوں کے حوالے سے اپنے اصولی موقف سے پسپائی کے بعد الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی سے بھی پیچھے ہٹتا نظر آرہا ہے ایک ماہ سے 15 دن اور اب عملی طور پر سکروٹنی کا عمل بھی ایک ہفتے کا رہ گیا ہے، آئین کے آرٹیکل 62، 63 پر بھی عمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر طاہرالقادری نے گزشتہ روز ٹورنٹو (کینیڈا) سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ٹیکس چوروں اور کرپٹ مافیا کے پارلیمنٹ میں جانے کی راہ ایک بار پھر ہموار کی جارہی ہے وہی گھوڑے اور وہی سیاست کا میدان اور دھاندلی کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے عوام کے حقوق کو ذبح کرنے کا اختیار لے لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہر آنے والے دن اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹتا جارہا ہے جو ملکی استحکام اور عوام کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ روائتی الیکشن کے ذریعے چندکرپٹ سیاسی خاندان ہی پارلیمنٹ میں پہنچ سکیں گے عوام کے حقیقی نمائندے پارٹی ٹکٹ تک سے بھی محروم رہیں گے بلاشبہ یہ سب کچھ ملک توڑنے کی سازش ہوگی جس کے بڑے ذمہ داران میں الیکشن کمیشن بھی شامل ہوگا۔
تبصرہ