آئے روز عوام پر بمبوں کی قیامت ٹوٹنا موجودہ سیاسی کلچر کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 04 مارچ 2013ء

موجودہ نظام عوام کا قاتل بن چکا ،پارلیمنٹ کی اب تک کی کارکردگی عوام سے جینے کا حق بھی چھین چکی ہے
کراچی عباس ٹائون بم دھماکوں جیسے واقعات کا تسلسل سیکیورٹی اداروں کی کھلی ناکامی ہے
عوام دہشت گردوں کے ہاتھوں مرنے کی بجائے موجودہ نظام کو موت دینے کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں

پاکستان عوامی تحریک کے قائدشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ آئے روز عوام پر بمبوں کی قیامت ٹوٹنا موجودہ سیاسی کلچر کے منہ پر طمانچہ ہے۔موجودہ نظام عوام کا قاتل بن چکا ہے۔ آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے سفاک درندے انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔ملک میں جاری دہشت گردی کے تسلسل کا مطلب ہے ریاست کے آہنی ہاتھوں پر مصلحت کا زنگ چڑھ چکا ہے۔ بنیادی وجوہات کو ختم کئے بغیر انسانی خون بے قیمت ہی رہے گا اورکروڑوں عوام عدم تحفظ کا شکار رہیں گے اس کیلئے ٹھوس پالیسی بنا کر فوراً عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ کراچی عباس ٹائون بم دھماکوں جیسے واقعات کا تسلسل سیکیورٹی اداروں کی کھلی ناکامی ہے۔

وہ گذشتہ روز کینیڈا سے پاکستان عوامی تحریک سندھ کے صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کراچی عباس ٹائون میں ہونے والے دہشت گردی کے سفاکانہ سانحہ کی پروزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات کا تسلسل ملک میں فرقہ ورانہ فسادات کو ہوا دینے کی سازش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت تشکیل پانے والی پارلیمنٹ کی اب تک کی کارکردگی عوام سے جینے کا حق بھی چھین چکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام دہشت گردوں کے ہاتھوں مرنے کی بجائے موجودہ نظام کو موت دینے کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں۔ اجتماعی شعور سے ہی ملک میں خوشحالی اور امن کا سورج طلوع ہو سکے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top