سانحہ جوزف ٹاؤن کے متاثرین حکومت کے امدادی رقوم کے چیکوں کو اسمبلیاں تحلیل ہونے سے قبل کیش کرا لیں۔ سہیل احمد رضا

مورخہ: 13 مارچ 2013ء

نام نہاد سیاسی رہنما اپنی سیاست چمکانے کیلئے مسیحی برادری کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

سانحہ جوزف ٹاؤن کے متاثرین کو صوبائی اور وفاقی حکومت کی طرف سے دیے گئے امدادی رقوم کے چیک کو اسمبلیاں تحلیل ہونے سے قبل کیش کرایا جائے ورنہ حکومت ختم ہونے کے بعد نگران حکومت اس ذمہ داری کو قبول نہیں کرے گی اور اندوہناک سانحہ کے متاثرین امدادی رقوم کے حصول کیلئے دربدر ہوجائینگے۔ جوزف کالونی کے متاثرین کے گھروں کو از سر نو تعمیر کا کام بھی عملی طور پر اور ہنگامی بنیادوں پر ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری پر جاری رکھا جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مفاہمت کی عینک اتار کر اپنے دور میں واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کریں اور انکے خلاف عملاً تادیبی کارروائی بھی کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے جوزف کالونی کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر مذہبی جماعتوں کے رہنماء بھی موجود تھے۔

سہیل احمد رضا نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تحت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری کے حکم پر متاثرہ بستی میں میڈیکل کیمپ اور ایمبولینس سروس سانحے کے روز سے لے کر اب تک موجود ہے جو شب و روز انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار ہمہ وقت بلا امتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد سیاسی رہنما اپنی سیاست چمکانے کیلئے مسیحی برادری کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک طرف تو وہ مسیحی برادری کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ دوسری طرف پولیس کے گرفتار کئے ہوئے لوگوں کے لواحقین سے بھی رابطے میں ہیں۔ اس دوغلی پالیسی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن، سلامتی و محبت کا دین ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلامی ریاست میں رہنے والے غیر مسلموں کے جان و مال کے مکمل تحفظ کی ضمانت دی ہے۔ سانحہ بادامی باغ میں ملوث شرپسند عناصر کا دین کی اصل روح اور پاکستانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ جلے ہوئے گھروں پر سیاست چمکانا غیر انسانی فعل ہے۔ ہر کسی کو مشکل کی اس گھڑی میں مسیحی بھائیوں کی مدد کرنا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top