آج لیاقت باغ میں ہونے والا جلسہ ملکی سیاست کا رخ متعین کرے گا۔ شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 17 مارچ 2013ء

2000 نوجوان رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی لیاقت باغ میں پریس کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ آج لیاقت باغ میں ہونے والا جلسہ ملکی سیاست کا رخ متعین کرے گا۔ گجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان کے کامیاب عوامی جلسوں کے بعد آج لیاقت باغ میں ہونے والا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنی آئندہ کی پالیسی کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیاقت باغ کے پنڈال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی کے بعد قوم کو ایک امید کی کرن نظر آئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری آئین اور جمہوریت کے ذریعے عوام کا مقدر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ملک میں آئین، جمہوریت اور قانون صرف نعروں میں نظر آتے ہیں جبکہ عملی طور پر حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ملک میں آمری جمہوریت کے خاتمے کے لئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کے ساتھ ہیں وہ دن دور نہیں جب عوام کو ان کے حقوق ملیں گے جس کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد جاری ہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری آج لیاقت باغ کے جلسے میں اہم پالیسی کا اعلان کریں گے۔

پریس کانفرنس میں پنڈال کمیٹی کے سربراہ جواد حامد، عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر ملک افضل، سردار منصور خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الرحمن اور ساجد بھٹی بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے کی سیکیورٹی کے لئے 2000 نوجوان رضاکار پنڈال میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ 200 خواتین بھی سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پولیس کے500 جوان بھی جلسے کی سیکیورٹی کے لئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ کا جلسہ تین حصوں میں تقسیم کیاگیا ہے ایک حصہ لیاقت باغ کے اندر اور دو حصے لیاقت باغ کے باہر ہوں گے۔ مری روڈ پر بڑی ایل سی ڈی لگائی جائیں گی۔ جبکہ سپیکروں کا بڑے پیمانے پر انتظام کیاگیا ہے۔ سٹیج کی تیاریاں بھی تقریبا مکمل کر لی گئی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے عوام نے ہماری دعوت کو بڑی فراخدلی سے قبول کیا ہے اور راولپنڈی کے تاجر، طلبہ تنظیموں کے علاوہ راولپنڈی کے شہری بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کریں گے۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top