طبقاتی نظام تعلیم، طبقاتی نظام عدل اور جاگیرداری نظام معیشت نے قوم کوکرپشن اور محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا: علامہ صادق قریشی

مورخہ: 29 مارچ 2013ء

موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کو تبدیل کر دیا جائے تو عوام کی محرومی اور اضطرابی کیفیت ختم ہو سکتی ہے۔
عدل و انصاف ہر ایک کیلئے یکساں ہو تو بہت سی بیماریوں سے قوم کی جان چھوٹ سکتی ہے: علامہ صادق قریشی

لاہور: تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر علامہ صادق قریشی نے کہا ہے کہ اسلام نے جو حقوق عطا کر دیئے ہیں وہ قیامت تک بنی نو ع انسان کی ضروریات کو پورا کرتے رہیں گے۔’’ روشن خیال دانشوروں‘‘ کو علم ہونا چاہئے کہ اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ ایک دین ہے۔ پندرہ سو سال قبل رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو تعلیمات دیں وہ قیامت تک کی انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہیں۔ اسلامی اقدار کی خوبی ہے کہ یہ افراد کی خواہشات کے مطابق بدلتی نہیں بلکہ اسلامی معاشرے کو ہر لمحہ بھٹکنے سے بچالیتی ہیں۔

وہ گذشتہ روزجامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ صادق قریشی نے کہا کہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کو جو حقوق عطا کر دیئے ہیں اس کی نظیر 14 سو سالوں میں نہیں دی جاسکتی اور نہ ہی قیامت تک کوئی دے سکے گا۔ دین اسلام نے فرد کو انفرادی اور اجتماعی حقوق دے کر اسکی تکریم میں اضافہ کیا ہے۔ مسلم ریاستوں میں انسانی حقوق کی پامالی اس لیے ہے کہ ہم نے اپنے دین کی زریں اقدار کو فراموش کردیا ہے اس لیے امت مسلمہ تنزلی کی طرف رواں ہے اور ذلت اسکا مقدر بنا دی گئی ہے۔مغربی معاشروں میں حقوق انسانی کا تصور اسلام کے بنیادی اصولوں کے قریب تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق اور دین اسلام لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدل و انصاف ہر ایک کیلئے یکساں ہو تو بہت سی بڑی بیماریوں اور لعنتوں سے قوم کی جان چھوٹ سکتی ہے۔ طبقاتی نظام تعلیم، طبقاتی نظام عدل اور جاگیرداری نظام معیشت نے قوم کو انتشار خیال، کرپشن اور محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کو تبدیل کر دیا جائے تو عوام کی محرومی اور اضطرابی کیفیت ختم ہو سکتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top