فرسودہ نظام انتخابات کے تحت ہونے والے الیکشن قوم کا مقدر نہیں بدل سکتے: عمر ریاض عباسی
تبدیلی کی خواہش رکھنے والے عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہو کر عوام دشمن نظام
کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
جب تک قوم نظام انتخاب کے خلاف بغاوت نہیں کرے گی اسے کچھ نہیں ملے گا۔
کارکنان ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی پیغام کو گھرگھر پہنچانے کے لئے دن رات ایک
کردیں: عمر ریاض عباسی
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ عوام دشمن اور فرسودہ نظام انتخابات کے تحت ہونے والے الیکشن قوم کے ساتھ مذاق ہوں گے اور ان سے ملک و قوم کا مقدرنہیں بدل سکتا، پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے اب تک ملک کو باکرداراور مخلص قیادت میسرنہیں آئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد G/9,G/10 میں دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں عوامی تحریک کے کارکنان سے گفگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی صورت میں قوم کوایک ایسی قیادت میسر آئی ہے جو اس ملک کومسائل کی دلدل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی پیغام کوگھرگھر پہنچانے کے لئے کارکنان دن رات ایک کردیں۔
عمر ریاض عباسی نے کہا کہ گلے سڑے نظام سے بیزار عوام کی بڑی تعداد الیکشن والے دن عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہوگی، کیونکہ یہ الیکشن نہیں فقط ڈرامہ ہے جس کے نتائج بہت جلدعوام کے سامنے ہوں گے، آنے والی حکومت غیرمستحکم اور بے ہنگم ہوگی، عوام کو مزید مسائل کی چکی میں پسنا پڑے گا، کرپٹ چہروں کو ایک بار پھر پارلیمنٹ میں لانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، دونوں بڑی جماعتوں کے مک مکا کا الیکشن ہے جس کے ذریعے صرف WINNING HORSES ہی الیکشن میں کامیاب ہوں گے، الیکشن کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام ان کے دھوکے میں نہ آئیں اور ووٹ نہ ڈال کے اس مک مکا والے فرسودہ نظام انتخاب کو مسترد کرنے کے لئے 11 مئی کو دھرنوں میں شرکت کر کے اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرا کے دنیا کو بتا دیں کہ عوام کی اکثریت اس نظام سے بغاوت کرچکی ہے۔
تبصرہ