Vote For None کی آپشن کی کوئی اہمیت نہیں، ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنے الیکشن ڈے پر ہر صورت ہوں گے
جمہوریت کو سر عام مصلوب کیا جا رہا ہے اور عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے ہونٹ سلے ہوئے ہیں
نا اہلیت کا عمل آٹے میں نمک کے برابر بھی نہ ہو گا
علی بابوں کو بچا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے چند غیر معروف چوروں کو پکڑ ا جا رہا ہے
ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام سے ٹیلی فونک گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ Vote For None کی آپشن کی کوئی اہمیت نہیں۔ جمہوریت کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں اس لئے مطالبات کے ایک جزو کو ماننے کی کوئی حیثیت نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنے الیکشن ڈے پر ہر صورت ہوں گے۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ نظام انتخاب کے خلاف عوام میںشعور بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور اسکا بہترین مظاہرہ پولنگ ڈے پر دھرنوں کی صورت میں ہو گا۔ جمہوریت کو سر عام مصلوب کیا جا رہا ہے اور عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے ہونٹ سلے ہوئے ہیں۔ علی بابوں کو بچا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے چند غیر معروف چوروں کو ضرور پکڑ لیا جائیگا۔ بعد میں علی بابے سو چور بھرتی کر لینگے۔ الیکشن کے بعد حکومت اور اپوزیشن کا وہ تماشا لگے گا جو گذشتہ 30سال میں کسی نے نہ دیکھا ہو گا۔ نا اہلیت کا عمل آٹے میں نمک کے برابر بھی نہ ہو گا۔ آزاد اراکین کی منڈی لگے گی اور بولی کے دام سے قوم کو اندازہ ہو جائے گا کہ ملک میں کیسی جمہوریت ہے۔ وہ گذشتہ روز بیرون ملک سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک نے وطن عزیز کی بقا، ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن نظام انتخاب کو کلیتاً مسترد کیا ہے۔ ہماری جنگ ووٹنگ کے خلاف نہیں کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شور شرابے اور ہنگامے کیلئے چند غیر معروف چوروں کو نا اہل قرار دے کر الیکشن کمیشن قوم کا خیر خواہ ہونے کا ڈرامہ کر ے گا۔ علی بابوں کو بچا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے چند غیر معروف چوروں کو ضرور پکڑ لیا جائیگا۔ بعد میں علی بابے سو چور بھرتی کر لینگے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نامزدگی فارم میں ٹیکس چوروں اور قرضہ معاف کرانے والوں کو کھلی چھٹی دی ہے۔ اب صرف وہ پکڑا جائے گا جو اتنا نااہل ہے کہ Stay بھی نہیں لے سکا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب مخدوش اور بوسیدہ ترین عمارت ہے جس سے ملک و قوم کو شدید ترین خطرہ ہے اس لئے مسمار کر کے تعمیر نو کی ضرورت ہے۔ مرمت سے کام چلانے کی کوشش قوم کو ملبے تلے دبانے کا مکروہ اقدام ہو گا۔ قوم کو قبل از وقت آگاہ کر رہا ہوں کہ موجودہ نظام کے تحت ووٹ ڈالنا جرم ہو گا۔ اس جرم کی بجائے شعور و آگہی کی چھتری کے سائے تلے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شریک ہو کر پوری دنیا کو پر امن طور پر جمہوری شعور کا ثبوت دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top