لولی لنگڑی سکروٹنی جمہوریت کی روح مسخ کرنے کے مترادف ہے: سردار منصور خان

بڑے ڈیفالٹرز کیلئے نامزدگی فارم میں پہلے ہی چور دروازہ رکھا ہوا ہے۔
قومی خزانہ لوٹنے والے بڑے مگرمچھ چھوٹ جائیں گے چند چوروں کو دکھاوے کیلئے نااہل کیاجا رہا ہے۔
عوام الیکشن والے دن دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ نظام کو مسترد کر دیں۔
مک مکا الیکشن کمیشن چند سطحی اقدامات کر کے یہ باور کرا رہا ہے کہ وہ شفاف الیکشن کرا رہا ہے: سردار منصور خان

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصورخان نے کہا ہے کہ مک مکا الیکشن کمیشن کو صورتحال کا اندازہ تھا اس لئے وفاداروں نے بڑے ڈیفالٹرز کیلئے نامزدگی فارم میں پہلے ہی چور دروازہ رکھ دیاگیا تھا۔ عدالتوں اور مالیاتی اداروں سے با آسانی سٹے لے لیا جائے گا۔ قومی خزانہ لوٹنے والے بڑے مگرمچھ چھوٹ جائیں گے چند چوروں کو دکھاوے کیلئے نااہل کیا جا رہا ہے ۔

عوام الیکشن والے دن دھرنوں میں شرکت کر کے کرپٹ نظام کو مسترد کر دیں۔لولی لنگڑی سکروٹنی جمہوریت کی روح مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے سکروٹنی کیلئے 30 روز یا کم از کم 14 دن کا مطالبہ اس لئے کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو اس انتہائی اہم کام کیلئے مناسب وقت مل سکے۔

ممبران پارلیمنٹ ٹیکس چور اور قرضہ ہڑپ کرنے والے نہیں ہونے چاہیں۔ موجودہ نظام انتخاب دوبارہ ایسی پارلیمنٹ تشکیل دے گا جس میں غالب اکثریت قوم کے وسائل ہڑپ کرنے والوں کی ہو گی۔ عوام سے پانچ سال کیلئے ان ہی کے حقوق سے کھیلنے کا اختیار لینے والے سیاست کو پیشہ سمجھتے ہیں۔ وہ لندن سے پارٹی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن امیدواروں کی تفصیلات جاری کرنے سے گریزاں کیوں ہے ؟عوام کو الیکشن میں آنے والے ہر امیدوار کے کوائف جاننے کا مکمل حق ہے۔مک مکا الیکشن کمیشن چند سطحی اقدامات کر کے یہ باور کرا رہا ہے کہ وہ شفاف الیکشن کرا رہا ہے۔

سردارمنصورخان نے کہا کہ الیکشن کی رسم ہی کو جمہوریت کہنے والوں کی آمریت کا یہ عالم ہے کہ وہ ٹکٹوں کی تقسیم میں بھی کاروبار کر رہے ہیں۔ پارٹیاں جیتنے والے گھوڑوں کو ٹکٹ دے رہی ہیں اور متوسط اور غریب طبقے کے امیدواروں کو دھتکارا جا رہا ہے۔ پاکستان میں رائج جمہوریت میں عوام کو صرف ووٹ دینے کا حق ہے۔ ووٹ لینے کیلئے امیدوار کو جیتنے والا گھوڑا ہو نا چاہیے۔ پاکستان عوامی تحریک سیاسی شعور کی بیداری کا مشن جاری رکھے گی اور الیکشن ڈے پر پر امن دھرنے دے کر اپنااحتجاج ریکارڈ کروائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top