بجلی کے بحران نے لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے: بابر علی چودھری

نا اہل حکمرانوں کی 5 سالہ حکومتی کارکردگی کا سب سے بڑا تحفہ لوڈ شیڈنگ ہے۔
توانائی کے اس بد ترین بحران نے صنعتی، تجارتی او ر معاشی سرگرمیوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے: بابر علی چودھری

لاہور: پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر بابر علی چوہدری نے کہا ہے کہ توانائی کے بد ترین بحران نے پوری قوم کا جینا حرام کر دیا ہے۔ ملک میں افراتفری کا ماحول ہے۔ پورے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو اپنا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ دہشت گردی، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے تو پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر اس گرم موسم میں حالیہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے تو پاکستانیوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں جاری حالیہ ظالمانہ اضافہ عوام پر عذاب نازل کرنے کے مترادف ہے۔

نا اہل حکمرانوں کی5 سالہ حکومتی کارکردگی کا سب سے بڑا تحفہ لوڈ شیڈنگ ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے تحت فیروز پور روڈ پر بجلی کے بحران اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔

پر امن احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں نوجوان شریک تھے۔ نوجوانوں نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور بجلی کے بحران کے خلاف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین موجودہ نظام انتخاب اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ بعض نوجوانوں نے قمیضیں اتار کر سینہ کوبی بھی کی۔

مظاہریں کے ہاتھوں میں موجود کتبوں پر لکھا تھا ملک کو اندھیروں میں مت دھکیلو، لوڈ شیڈنگ سے فور ی نجا ت دلائی جائے، بحرانوں کا ذمہ دار موجودہ کرپٹ نظام انتخاب، بجلی کے بحران پر قابو نہ پایا گیا تو ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف دیگر نعرے درج تھے۔

مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین کے علاوہ سینکڑوں نوجوان بھی شریک تھے۔ مرکزی صدر بابر چوہدری نے کہا کہ توانائی کے اس بد ترین بحران نے صنعتی، تجارتی او ر معاشی سرگرمیوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

اگر ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے موثر اقدامات نہ کئے گئے تو آخری سانسیں لیتی صنعت و تجارت اور معیشت مکمل طور پرتباہ ہو جائیگی۔ اگر بجلی کے اس بد ترین بحران پر فوری قابو نہ پایا گیا تو عوامی احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا چلا جائیگ۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ معصوم شہری سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں۔ مزدوروں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ گھنٹوں بجلی غائب رہنے کی وجہ سے شہری پینے کے پانی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ بجلی کے بحران نے لوگون کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوام کے مسائل کی کیا پرواہ، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی چاہے جتنی بڑھے اس نظام کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو اس کا کوئی غم اور افسوس نہیں ہو گ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مقتدر طبقات سے توقع وابستہ کرنے کی بجائے اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے خود اقتدار و اختیار کا مالک بننا ہو گا اور موجودہ نظام انتخاب کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہو گا۔ بصورت دیگر یہی اندھیر، یہی مچھر انہیں سونے دیں گے نا جینے دیں گے اور نہ ہی آگے بڑھنے دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top