امت کے پاس اللہ کو منانے کا کوئی اور راستہ نہیں۔ ڈاکٹر اصغر جاوید الازہری

امت خدا اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کامل تعلق استوار کر لے تو ہر قسم کے عذاب سے چھٹکارا مل سکتا ہے
مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری اور لو ڈشیڈنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں
پروفیسر ڈاکٹر علامہ اصغر جاوید الازہری کا جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

پروفیسر ڈاکٹر علامہ اصغر جاوید الازہری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی زندگیاں مجموعی طور پر اللہ کی بندگی سے خالی ہو چکی ہیں۔ 18 کروڑ کے ملک میں کتنے ہیں جو اللہ کی رحمت کے طلبگار ہیں۔ کتنے نوجوان بچے بچیاں ہیں جنہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراہ رضی اللہ عنہا کو اپنا آئیڈیل بنا رکھا ہے۔ آنکھوں نے اللہ کی یاد میں رونا ترک کر دیا اس لئے قومی سطح پر توبہ کرنا ہو گی۔ مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں۔ بے گناہوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ پورا عالم اسلام غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جا چکا ہے۔ تباہی اور بربادی مسلط کر دی گئی ہے۔ آج مسلمانوں کو مسلمانوں سے بیگانہ کیا جا رہا ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تعلق کو جڑ سے کاٹنے کی مذموم کوششیں ہو رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں امت مسلمہ کو اجتماعی توبہ کرنا ہو گی۔ پاکستانی قوم کو بھی تائب ہونا ہو گا۔

پروفیسر ڈاکٹر علامہ اصغر جاوید الازہری نے کہا کہ اسلام جبر اور بربریت کا نہیں رحمت اور شفاعت کا دین ہے۔ آج امت خدا اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کامل تعلق استوار کر لے تو ہر قسم کے عذاب سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ جو بندہ اللہ کی یاد سے محروم رہتا ہے وہ اللہ کو نہیں بھلاتا حقیقت میں اللہ اسے بھول جاتا ہے۔ اللہ کے خوف میں رونے سے بہتر کوئی عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی آنکھ اس وقت تک نہیں روتی جب تک اللہ کا فضل اسے نصیب نہ ہو۔ آج امت اپنے زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو اللہ کی خشیت میں رونا ہو گا۔ آنسو بہانا ہو نگے، اللہ کو منانا ہو گا، اپنے اعمال کا محاسبہ اور درستگی کرنا ہو گی۔ امت کے پاس اللہ کو منانے کا کوئی اور راستہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ مکمل دین ہے۔ پندرہ سو سال قبل رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو تعلیمات دیں وہ قیامت تک کی انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اسلامی اقدار کی خوبی ہے کہ یہ افراد کی خواہشات کے مطابق بدلتی نہیں بلکہ ان کو ہر لمحہ بھٹکنے سے بچالیتی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top