انتخابات کی صورت میں ملک کو تباہ کن اندھیروں میں دھکیلنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

جعلی جمہوریت اور نااہل قیادت ملک کا بیڑہ غرق اور ملک کی کشتی کو ڈبو دے گی
نگران حکومت لٹیروں کا الیکشن سیل ہے جن کے تعاون سے ڈیفالٹرز، قرض نادہندگان اور قومی دولت لوٹنے والوں کو سب اچھا ہے کے سرٹیفیکیٹ جاری کردیے گئے

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے کہاہے کہ آنے والے انتخابات ملک کو تباہ کن اندھیروں میں دھکیل دیں گے جس کا پورا پورا انتظام کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کی تشکیل غیر قانونی ہے، چاروں اراکین کی تقرری بھی غیر آئینی ہوئی آئین کو پامال کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر سے 17 مارچ کے لیاقت باغ میں ہونے والے جلسے تک میرا کہا گیا ایک ایک لفظ سچ ثابت ہوا اس وقت کے ناقدین آج چیخ وپکار کر رہے ہیں۔ 11 مئی کے بعد ان کی چیخیں مزید تیز ہو جائیں گی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے بدی کا سودا کیاگیا جس میں سیاست دان، قانون، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور نگران حکمران برابر کے شریک ہیں۔ جعلی جمہوریت کو اس ملک کے عوام پر مسلط کیا جا رہا ہے جس سے ملک کا بیڑہ غرق اور ملک کی کشتی ڈوب جانے کاخطرہ ہے۔ نااہل لوگوں کے ذریعے جعلی جمہوریت کا ایک بار پھر قوم پر مسلط کرنے کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بیرون ملک سے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگبڈا پور کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکروٹنی کے نام پر الیکشن کمیشن کی ناک کے نیچے جتنا بھی ڈرامہ ہوا یہ سب کچھ الیکشن کمیشن کی منصوبہ بندی کے تحت کیاگیا سکروٹنی کا وقت 30 دن کی بجائے 7 دن تک محدود کر کے 62, 63 کامذاق اڑایا گیا۔ بددیانت اور نااہل افسران نے قوم کے سامنے آئین کا حلیہ بگاڑ کے رکھ دیا۔ یہ سارا ڈرامہ آرٹیکل 62, 63 کو اگلی لنگڑی لولی پارلیمنٹ کے ذریعے آئین سے نکالنے کا جواز پیدا کیا گیا ہے تاکہ کرپشن کو روکنے والا راستہ ہمیشہ کے لئے بند ہو جائے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نگران حکمران لٹیروں کا الیکشن سیل ہے جن کے تعاون سے ڈیفالٹرز، قرض نادہندگان اور لٹیروں کو سب اچھا ہے کے سرٹیفیکیٹ جاری کر دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سکروٹنی کے نام پر قوم کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہو رہا ہے۔ سب ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، الیکشن کے نام پرسراسر دھاندلی کی جارہی ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم جمہوریت کے مخالف نہیں ہیں بلکہ ہم بدعنوانی، کرپشن، جانب داری، بے ایمانی اور لوٹ کھسوٹ کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10000 کے لگ بھگ کرپٹ سیاست دان اور افسران کو جیل میں بند کردیے جائیں، الیکشن کمیشن سمیت ملکی ادارے قوم کے مجرم ہیں اور سب سے بڑا مجرم الیکشن کمیشن ہے۔ نیب مجرم ہے جس کے پاس بڑے بڑے کرپشن کے کیس بمعہ ثبوت موجود ہونے کے باوجود کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی، ایف آئی اے بھی برابر کا مجرم ہے، سٹیٹ بنک نے بھی ڈیفالٹرز کو چھوٹ دے کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کا مطلب یہ رکھ لیاگیا ہے کہ جو جی میں آئے کریں کوئی پوچھنے والانہیں ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ قوم اس جعلی جمہوریت والے الیکشن کو مسترد کرنے کے لئے 11مئی کے دھرنوں میں بھرپور شریک ہو کر اپنا قومی فریضہ ادا کرے کیونکہ اس نظام کے تحت ہونے والے انتخابات سے ملک کی حالت نہیں بدلے گی، قیادت نہیں بدلے گی پوری قوم اس نظام کو مسترد کرنے کے لئے 11 مئی کو اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائے اور بتا دے کہ قوم کا بچہ بچہ اس نظام کونہیں مانتا۔ دنیا پر یہ بات ثابت کردیں کہ ہم اس جعلی جمہوریت والے نظام کو مسترد کرتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top