عوام 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔ خرم نواز گنڈا پور

موجودہ انتخابی نظام عوام کے بنیادی حقوق اور آرزوؤں کا قاتل ہے
عوام موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن کو مسترد کر دیں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 218 اور 62, 63 کے عملی نفاذ اور عدالت عظمیٰ کی 8 جون 2012 کی Judgement کے مطابق الیکشن کروانے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا روشن باب ہے۔ 11 مئی کو اس فرسودہ نظام کے تحت ہونے والا الیکشن ڈرامہ جمہوریت کے ماتھے کا داغ ٹھہرے گا۔ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن ملک کے وجود کو شدید خطرات لاحق کر دینگے اس لئے عوام موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن کو مسترد کر دیں اور اس عوام دشمن نظام کے خلاف اپنا جمہوری فرض ادا کرنے کیلئے 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شرکت کریں۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونے والے ملک گیر احتجاجی دھرنوں کیلئے دی جانیوالی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، چودھری افضل گجر، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو اور لطیف مدنی بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 11 مئی والے دن ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پولنگ سٹیشنوں سے دور پرامن دھرنے دئیے جائیں گے جس کیلئے 100 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ لاہور، گوجرانوالا، سیالکوٹ، سرگودھا، اسلام آباد، ایبٹ آباد، میانوالی، فیصل آباد، حیدر آباد، پشاور، راجن پور اور کراچی سمیت 300 سے زائد چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونے والے ان پرامن دھرنوں میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کر کے اس موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے دھرنے ملک میں حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہیں اس لئے خاموشی سے گھر بیٹھنے کی بجائے عوام دھرنوں میں شرکت کر کے سیاسی بیداری کا ثبوت دیں۔ موجودہ انتخابی نظام عوام کے بنیادی حقوق اور آرزوؤں کا قاتل ہے۔ 11 مئی کو ساری قوم عشروں سے ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو اقتدار کے ایوانوں میں گھسنے کی اجازت نہ دیں اور اسکا بہترین طریقہ پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شرکت کرنا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top