11 مئی کے دھرنے امر باالمعروف بھی ہیں اور نہی عن المنکر بھی۔ ڈاکٹر طاہر القادری

پولنگ ڈے دھرنے الیکشن کا نہیں نظام کا بائیکاٹ اور کرپٹ نظام کے خلاف ووٹ ہیں
ووٹ گواہی دینا ہے اور یہ مخالفت میں بھی دی جا سکتی ہے، کرپشن کے نظام کے تحت ووٹ دینا گناہ کبیرہ ہے
بدی کے نظام کو مسترد کرنے کیلئے دھرنوں میں شرکت کرنا دینی تقاضا ہے
مرکزی سیکرٹریٹ میں بیرون ملک سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عالمگیر ورکرز کنونشن سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ 11 مئی کے دھرنے امر باالمعروف بھی ہیں اور نہی عن المنکر بھی۔ ووٹ گواہی دینا ہے اور یہ مخالفت میں بھی دی جا سکتی ہے، ضروری نہیں کسی کے حق میں ہی دی جائے۔ پولنگ ڈے دھرنے الیکشن کا نہیں نظام کا بائیکاٹ اور کرپٹ نظام کے خلاف ووٹ ہیں۔ بدی کے نظام کو مسترد کرنے کیلئے دھرنوں میں شرکت کرنا دینی تقاضا ہے اور موجودہ نظام کے تحت ووٹ دینا کرپشن کے گناہ عظیم میں حصہ دار بننا ہے۔ پاکستان میں آج تک کسی سیاسی، مذہبی جماعت نے نظام انتخاب کے خلاف دھرنا نہیں دیا۔ یہ تاریخ پاکستان عوامی تحریک رقم کرے گی۔ نیکی پر جم جانا اور بدی کو رد کرنا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حکم ہے اور کرپشن کے نظام کے تحت ووٹ دینا گناہ کبیرہ ہے۔ الیکشن کمیشن غیر آئینی اور قوم کا مجرم ادارہ ہے اور الیکشن کرانے والے اندھے، بہرے اور گونگے ہیں۔

وہ پاکستان عوامی تحریک کے عالمگیر ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جو ملک بھر میں 300 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں سنا گیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والا الیکشن ایک مرتبہ پھر بدمعاشوں، غنڈوں اور رسہ گیروں کو حکمران بنا دے گا جو ملک و قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک کرپشن کے نظام کو ہر گز سپورٹ نہیں کر سکتی۔ ڈنکے کی چوٹ پر پھر کہہ رہا ہوں الیکشن کمیشن کی تشکیل آئین کے آرٹیکل 218،213 کے تحت نہیں ہوئی۔ اعلیٰ عدلیہ کے جج اور الیکشن کمیشن کے اراکین آج تک میری بات کو رد نہیں کر سکے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عوام ملک و قوم کا مستقبل بچانا چاہتے ہیں تو 11 مئی کے دھرنوں میں ہر جگہ لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں۔ نظام انتخاب کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہو گیا تو یہ نظام اور اسکے محافظ اپنی موت آپ مر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بھی دھرنوں میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔ 11 مئی کے دھرنے ملک میں تبدیلی نظام کی بنیاد ثابت ہوں گے اس لئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان گھر گھر جا کر عوام پر دھرنوں کی اہمیت واضح کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top