چیچہ وطنی: تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کا ورکرز کنونشن
کرپٹ نظام کے خلاف چیچہ وطنی میں بھی دھرنا ہو گا
ورکرز کنونشن سے نائب ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل احمد نواز انجم کا خطاب
تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک چیچہ وطنی ضلع ساہیوال کے زیراہتمام مشترکہ ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے ناظم تربیت قاری علم الدین قادری نے کیا۔ کنونشن میں نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازین منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے نائب ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل احمد نواز انجم اور نائب ناظم پنجاب تنظیم چوہدری ریاست علی قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف ہے کسی فرد کے خلاف نہیں۔ اس کرپٹ غاصبانہ نظام کوتبدیل کئے بغیر پاکستان میں حقیقی جمہوریت بحال نہیں ہو سکتی۔ ووٹ قوم کی امانت ہے لیکن امانت تو اسے دی جاتی ہے جو امانت دار ہو۔ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے انتخابات سے حقیقی تبدیلی نہیں آئے گی اس کیلئے متناسب نمائندگی کا نظام اپنانا ہوگا جس میں اسلامی جمہوری اصولوں اور پارٹیوں کے منشور کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جس سے علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے خوابوں کی تعبیر اور قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے تصورات کی تکمیل ہو گی۔
احمد نواز انجم نے مزید کہا کہ گیارہ مئی کو الیکشن والے دن تمام تحریکی کارکنان اور عوام اس کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف پاکستان بھر میں ضلعی مقامات پر پرامن دھرنوں میں بھرپور شرکت کریں گے۔
شرکاء کنونشن کی مشاورت سے فیصلہ ہوا کہ گیارہ مئی کو ضلعی دھرنا چیچہ وطنی میں چوہدری محمد احسن قادری تحصیل صدر TMQ کی زیر قیادت ہوگا۔
کنونشن میں دھرنے کے انتظامات اورعوام الناس سے رابطہ اور حمایت کی مہم چلانے کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
احمد نواز انجم نے کامیاب کنونشن منعقد کرنے پر حاضرین کو داد تحسین اور مبارک باد پیش کی۔
پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خصوصی خطاب سنا گیا اور تحریک منہاج القرآن پاکستان و عوامی تحریک پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی و خوشحالی کیلئے محمد افضل قادری صدر تحریک منہاج القرآن ضلع ساہیوال نے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ