موجودہ نظام انتخاب امانت، دیانت، ستھری سیاست، آئین، قانون اور عدل و انصاف کا دشمن ہے۔ خرم نواز
عوام 11 مئی کو گھروں میں بیٹھنے کی بجائے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہو کر قومی فریضہ ادا کریں
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور جانبداری کی سیاست پاکستان کے وجود کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ اس لئے ڈاکٹر طاہرالقادری ’’سیاست نہیں ریاست بچاؤ‘‘ کی آواز بلند کی تھی۔ 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے تاریخ ساز دھرنے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوں گے اس لئے موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ عوام 11 مئی کو گھروں میں بیٹھنے کی بجائے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شامل ہو کر قومی فریضہ ادا کریں۔ یہ سارا ڈرامہ مک مکا کی اصل کہانی کا ڈراپ سین ہے ثابت ہوگیا کہ ملک میں شفاف انتخابات کرانا کسی کے ایجنڈے میں شامل نہیں بلکہ کرپٹ، نااہل، ڈیفالٹرز، چوروں اور لٹیروں کو پارلیمنٹ تک پہنچانا ہی سب کا اصل مقصد ہے۔ الیکشن کمیشن، نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک سمیت 5 ادارے قوم کے مجرم ہیں۔ سب سے بڑا مجرم الیکشن کمیشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اداروں کے افسران کو معلوم ہے کہ کچھ دنوں بعد انہی کرپٹ سیاستدانوں نے پلٹ کر اقتدار میں آ جانا ہے اس لئے نوکریاں بچانا ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب امانت، دیانت، ستھری سیاست، آئین، قانون اور عدل و انصاف کا دشمن ہے۔ سکروٹنی کے دوران الیکشن کمیشن کے مینیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذمہ دارنے لاہور ہائیکورٹ میں آفیشل بیان دیا تھا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ FBR، نیب اور سٹیٹ بنک نے سکروٹنی کے دوران قرضے معاف کرانے والوں، ٹیکس چوروں اور یوٹیلٹی بلز معاف کرانے والوں کی فہرستیں ہمیں نہیں دی تھیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسرز کو جان بوجھ کر لسٹیں فراہم نہیں کی گئیں اس لئے آرٹیکل 63 کو چھیڑا نہیں گیا اور آرٹیکل 62 کا مذاق اڑایا جاتا رہا۔ قوم اس ملک دشمن اور عوام کش نظام کے خلاف صف آرا ہو جائے۔ آج وقت ہے کہ پوری قوم نظام کی تبدیلی کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
تبصرہ