یہ نظام تبدیلی نہیں دے سکتا، 11 مئی کو دھرنے دیں گے، طاہر القادری

مورخہ: 06 مئی 2013ء

لاہور… شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ یہ نظام کبھی ملک کو تبدیلی نہیں دے سکتا، تبدیلی کا نعرہ لگانے والے سر پکڑ کر بیٹھے ہوں گے۔ ملک کے انتخابات آزادانہ ہیں اور نہ شفاف، ہم اس نظام کا حصہ نہیں بننا چاہتے، قوم لکھ لے کہ ملک کی حکومت سازی کے لیے ہارس ٹریڈنگ ہوگی اور حکومت سازی کے لیے کرپشن کی جائے گی۔

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات میں چہرے بھی نہیں بدلیں گے۔ قوم پہلے اس نظام سیاست کا بھیانک انجام دیکھ لے اس کے بعد میں قوم کو نیا نظام دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں پرویز مشرف کے علاوہ کوئی نااہل نہیں ہے۔ کرپٹ الیکشن کمیشن نے ہر کرپٹ آدمی کو تحفظ دیا اور سب کو پاک صاف بناکر بھیج دیا۔ میری زبان سے ادا ہونے والا ایک ایک لفظ سچا ثابت ہوگیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں نے قوم کو منجدھار میں نہیں چھوڑا، آج بھی آپ کے سامنے ہوں، انتخابات میں چہرے بھی نہیں بدلیں گے، ہمارے دھرنے اس نظام کے خلاف ووٹ ہوں گے۔ ہمیں بھرپور قوت کے ساتھ اس نظام کو بدلنا ہوگا، تبدیلی صرف اس نظام سے آئے گی جو ہم پیش کریں گے، موجودہ اسٹرکچر کسی تبدیلی کی اجازت نہیں دیتا۔ اس نظام کو بغاوت کی قوت کے ساتھ بدلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو پورے ملک میں پرامن دھرنے دیں گے۔ طاہر القادری نے مزید کہا کہ کرپٹ لوگوں کو پاک و صاف کرنے والے قومی مجرم ہیں۔ جب شعور بیدار ہوگا تب میں لوگوں کو نیا نظام دوں گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top