جعلی جمہوریت میں عوام کو صرف ووٹ دینے کا حق ہے لینے کا نہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 18 مئی 2013ء

سیاست کو کوئلے کا کاروبار بنانے والے ہی موجودہ کرپٹ انتخابی نظام پر متفق ہیں
پچھلے 65 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض دو فیصد طبقے کے مفادات ایک ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ سیاست کو کوئلے کا کاروبار بنانے والے ہی موجودہ کرپٹ انتخابی نظام پر متفق ہیں۔ سیاست تو دین کا ایک جزو ہے جس کی روح عوام کی خدمت سے عبارت ہے۔ 11 مئی کے نام نہاد غیر آئینی الیکشن کے بعد ساری قوم پر واضح ہوگیا ہے کہ موجودہ عوام دشمن نظام کے تحت چلنے والی جعلی جمہوریت میں عوام کو صرف ووٹ دینے کا حق ہے لینے کا نہیں۔ پچھلے 65 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض دو فیصد طبقے کے مفادات ایک ہیں مگر انہوں نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور عوامی مہم ملک میں حقیقی تبدیلی، حقیقی جمہوریت اور حقیقی خوشحالی کی بنیاد ثابت ہوگی۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے لیے آنے والے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے جبکہ اس موقع پر بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی اور جواد حامد بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ استحصالی انتخابی نظام صوبوں اور مرکز میں 5 سال اقتدار کے مزے لوٹنے والی سیاسی جماعتوں کے مفادات کا محافظ ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے حقیقی جمہوریت کا اصل دشمن موجودہ انتخابی نظام کو قرار دے کر اصل مرض کی تشخیص کردی تھی اور ساری قوم کو الیکشن سے قبل ہی واضح کر دیا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر ملک میں حقیقی جمہوریت لانا ناممکن ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن دنیا کے واحد انتخابات ہیں جس کے بعد جیتنے اور ہارنے والے دونوں احتجاجی دھرنے دے رہے ہیں۔ غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی الیکشن کمیشن خود اپنے آپ کو مبارکباد دے کر ہر روز قوم سے نیا جھوٹ بولتا ہے۔ سیاسی جماعتوں نے اربوں روپے کی میڈیا کمپین چلائی۔ الیکشن کمیشن کی 10سے 15لاکھ کی پابندی کو ہر حلقے میں ہوا میں اڑا دیا گیا اور ان الیکشن کے بعد بننے والی جعلی پارلیمنٹ آرٹیکل 63، 62 کے دانت بھی نکال دے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top