لاہور: منہاج القرآن یوتھ لیگ گلبرگ ٹاؤن بی کے زیراہتمام عرس تقریب
منہاج القرآن یوتھ لیگ گلبرگ ٹاؤن بی کے زیراہتمام حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم اور حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے میزبان سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ گلبرگ ٹاؤن بی محمد علی ہارون تھے۔ اس پروگرام میں یونین کونسل 98 سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت منہاج القرآن یوتھ لیگ گلبرگ ٹاؤن بی کے سینئر نائب صدر محمد نذر نورنے حاصل کی۔ ملک کے نامور نعت خواں حضرات نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ محفل میں تلاوت ونعت کے ساتھ مولا علی علیہ السلام اور فرزند مولائے کائنات خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کی منقبت اور عارفانہ کلام بھی پیش کیا گیا، جس نے شرکاء میں روحانی سماں باندھ دیا۔
پروگرام میں صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ گلبرگ ٹاؤن بی (لاہور) طیب خاں رند نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام اور خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں منعقد یہ حلقات ہمیں دعوت فکر دیتے ہیں کہ ہم اپنے محسنوں کے احسانات کو یاد رکھتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کریں۔ آج امت مسلمہ کو اس کا کھویا ہوا وقار واپس دلانے کے لئے دین کے پیغام کو اس انداز سے پھیلانا ہوگا کہ حشر میں ان ہستوں کے سامنے شرمساری نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان ان شاء اللہ گلبرگ ٹاؤن بی میں حلقات درود و شعور کا مضبوط نیٹ ورک بچھا کر عوام کو محبت اہل بیت و رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شعور انقلاب اس انداز سے پھیلائیں گے کہ باقی علاقوں کے لئے ماڈل ہوگا۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ ان حلقات میں خود بھی شریک ہوں اور دوسروں کو بھی شرکت کی دعوت دیں تاکہ امت کو اس کا کھویا ہوا وقار واپس دلانے میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرسکے اور قبر و حشر میں شرمندگی سے بچ سکے۔
تقریب کے اختتام پر دین و ملت کے عروج اور ملکی استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ