لاہور: منہاج ٹریننگ اکیڈمی میں سہ روزہ تربیتی کیمپ برائے معلمین و معلّمات
لاہور: مرکزی نظامت ِ تربیت کے زیر اہتمام منہاج ٹریننگ اکیڈمی میں (24 تا 26 مئی 2013ء) سہ روزہ تربیتی کیمپ برائے معلمین و معلمات منعقد ہوا۔ کیمپ میں پنجاب بھر سے 110 خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب اکیڈمی کے پروقار ہال میں منعقد ہوئی۔
افتتاحی تقریب میں ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اکیڈمی پروفیسر محمد اشرف قادری اور دیگر احباب نے شرکت کی۔ غلام مرتضیٰ علوی نے شرکاء کورس کو کورس کے مقاصد اور طریقہ کار کی مکمل بریفنگ دی جبکہ محترم پروفیسر محمد اشرف قادری نے جملہ مہمانوں کو کلماتِ استقبالیہ پیش کیے۔
شرکاء کو 3 دن قرآن، حدیث، فقہ اور بنیادی عقائد پر مشتمل سلیبس پڑھایا گیا۔ 3 دن کلاسز میں اوسطاً 10 گھنٹے یومیہ تدریس کا عمل جاری رہا۔ جملہ معلّمین و معلّمات نے بھر پور تدریسی ذوق کا ثبوت دیا اور تیسرے دن تحریراً شفوی دونوں طریقوں سے 2 گھنٹے پر مشتمل امتحان لیا گیا۔
اختتام پر تقسیم اسناد کے لیے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جس میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محمد ادریس رانا، پرنسپل آغوش کیمپلیکس افتخار شاہ بخاری اور دیگر مہمانان گرامی نے شرکت کی۔ معلمین و معلمات سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار شاہ بخاری نے نظامت تربیت اور منہاج ٹریننگ اکیڈمی کو کامیاب کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
انہوں نے شرکاء کیمپ کو سخت ترین گرمی میں پنجاب بھر سے سفر کر کے آنے، شدید موسم میں روزانہ 10 گھنٹے تدریس جار ی رکھنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں علم دوستی کی عظیم مثال ہے۔
اس کے بعد محمد ادریس رانا نے ملک بھر میں نظامت تربیت کے زیر اہتمام کورسز کے فروغ کے عمل کو بہت سراہا اور مزید کہا کہ نظامت تربیت کی یہ جدوجہد تمام نظامتوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔
اختتام پر غلام مرتضیٰ علوی نے کورسز کے شرکاء کو آئندہ کے لیے لائحہ عمل کی بریفنگ دی۔ اس کے بعد شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب ِ اسنا د میں ماہِ اپریل میں ہونے والی کلاس کے شرکاء کو بھی اسناد دی گئیں۔ تقریب اور کیمپ کا اختتام پروفیسر محمد اشرف قادری کی دعاء سے کیا گیا۔
کیمپ کے کامیاب انعقاد میں مرکزی معلّمین محمد طیب قادری، محمد منہاج الدین قادری، قاری محمد حسنین فرید اور آفتاب احمد خان نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسی طرح کیمپ کے کامیاب انعقاد میں انتظامی طور پر محمد وسیم اور ظہیر احمد خان نے بھی بے مثال خدمات سر انجام دیں۔
تبصرہ