حکومت غریب کش پالیسیوں پر عمل کرنے کی بجائے بجلی چوری، گیس چوری اور ٹیکس چوری پر قابو پائے: رحیق احمد عباسی

مورخہ: 28 جون 2013ء

فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس کو جواز بنا کر عوام کی کھال اتارنے کا انتظام کر لیا گیا
حکومت غریب کش پالیسیوں پر عمل کرنے کی بجائے بجلی چوری، گیس چوری اور ٹیکس چوری پر قابو پائے: رحیق احمد عباسی

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے سے لے کر اب تک بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار کے ظالمانہ اضافے کی جو روش اختیار کر رکھی ہے اس کا نتیجہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں کئی گنا اضافے کی صورت میں معصوم عوام بھگت رہے ہیں۔

آمدنی کی نسبت گرانی میں ہوشرباء اضافہ عوام کی پریشانیوں کو مزید بڑھاتا جا رہا ہے۔ عوامی خدمت کی دعویدار نئی نویلی جمہوری حکومت نے ایک بار پھر فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس کو جواز بنا کر عوام کی کھال اتارنے کا انتظام کر لیا ہے۔

متوسط اور غریب طبقے کی کمر پہلے ہی ٹوٹ چکی ہے اور اس پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں غریب عوام سے 80 ارب سے زائد کی اضافی رقم کی وصولی عوام دشمنی اور ظالمانہ اقدام ہے۔ ایسے عوام دشمن فیصلوں سے حکمران بے بس عوام کا قتل عام کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، جواد حامد، عاقل ملک اور ساجد بھٹی بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بجلی کا بحران ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے لیکن اس اہم مسئلے کا حل موجودہ نام نہاد عوامی حکومت کی سنہری جمہوریت کے اصولوں میں نہیں آتا۔

حکمران عوام دشمن پالیسیاں ترک کر کے اور عوام اور ملک کی بقا کیلئے تمام ترقیاتی منصوبے پس پشت ڈال کر ہنگامی بنیادوں پر صرف اور صرف بجلی کی پیداوار بڑھانے پر زور دے تا کہ ملک وہ روشنی اور ترقی حاصل کر سکے جو پوری قوم کا خواب ہے۔

پاکستان عوامی تحریک فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس کو ظالمانہ اور عوام دشمن اقدام قرار دیتی ہے۔ حکومت غریب کش پالیسیوں پر عمل کرنے کی بجائے بجلی چوری، گیس چوری اور ٹیکس چوری پر قابو پائے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top