پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ خالصتاً غریب کشی اور عوام دشمنی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور

اضافہ غریب عوام کی حکومت سے وابستہ توقعات کے بالکل برعکس ہے

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس ظالمانہ اضافہ نے غریب عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے ۔ اضافہ غریب عوام کی حکومت سے وابستہ توقعات کے بالکل برعکس ہے۔ ہر دس پندرہ دن بعد غریب عوام پر پٹرول بم گرایا جاتا ہے۔ جس سے بالواسطہ اور بلا واسطہ مہنگائی کا اونچے درجے کا سیلاب آتاہے۔ جس کی تندو تیز اور ظالم لہروں میں بے بس اور مجبور غریب عوام خس وخاشاک کی طرح بہتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روز گاری، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، رشوت ستانی اور جرائم کی شرح میں اضافہ اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے غریب عوام کو پہلے ہی نڈھال کر رکھا ہے ایسے میں ان کے زخموں پر مرحم رکھنے اور ان کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل مسلسل جاری ہے جوکہ عوام پر انتہائی ظلم ہے ۔ حکومت کو مسائل میں گھری قوم کے درد اور مسائل کو سمجھنا چاہیے اور ا ن کا مداوا کرنا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top