غیر متوازن بجٹ سے روزمرّہ استعمال کی اشیاء دن بدن مہنگی ہوتی جارہی ہیں: اطہر صدیقی

مہنگائی، غربت اور لوڈشیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں: علی اوسط
غیر متوازن بجٹ سے روزمرّہ استعمال کی اشیاء دن بدن مہنگی ہوتی جارہی ہیں: اطہرصدیقی

کراچی: پاکستان عوامی تحریک سندھ کے سینئر نائب صدر علی اوسط نے کہا ہے کہ مہنگائی، غربت اور لوڈ شیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی۔ غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے اور حکومت اپنے اضافی اخراجات کو کم کر کے عوام کو ریلیف دے، وہ پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطا ب کر رہے تھے۔

پاکستان عوامی تحریک سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری سید ظفراقبال قادری نے کہا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے سے لے کر اب تک بجلی، گیس اور پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں باربار اضافے کی جو رَوِش اختیار کر رکھی ہے کہ جسکی وجہ سے روزمرّہ استعمال کی اشیاء دن بدن مہنگی ہوتی جا رہی ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کراچی کے ڈپٹی آرگنائزر قیصر اقبال قادری نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے کہ جس کے غریب اپنے ٹیکسوں سے امیر وں کو پال رہے ہیں جبکہ امیر ٹیکس دینے کی زحمت کرنے کی بجائے اپنی رقم بیرون ممالک منتقل کر لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو کاروبار کے لئے بلاسود قرضے دیئے جائیں، تحریک منہاج القرآن کراچی کے ناظم لطافت محمود نے کہ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے، غریب آدمی کے لئے جینا محال ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد سے بالواسطہ اور بلا واسطہ مہنگائی کا اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے۔ جس کی تند و تیز اور ظالم لہروں میں بے بس اور مجبور غریب عوام خس و خاشاک کی طرح بہتے جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے عوام کو ریلیف دیا جائے تا کہ عوام مقدس مہینہ میں سکون سے عبادت و ریاضت کر سکیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کراچی کے صدر شیخ فاروق قادری نے کہا کہ اگر عوام سیلاب، زلزلوں، ڈینگی مچھروں اور دہشت گردی سے بچ بھی گئے تو مہنگائی میں بڑھتا ہوا اضافہ اس غموں کی ماری قوم کو ضرور مار دے گا۔

مصطفوی اسٹوڈینٹس موومنٹ کراچی کے صدر وسیم اختر نے کہا کہ پوری قوم وطن عزیز کے معاشی، سیاسی حالات اور عوام کی حالت زار پر ایک مرتبہ پھر تشویش میں مبتلا ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ انتخابات سے قبل تبدیلی کی امید رکھنے والے پاکستانیوں کا جوش ٹھنڈا پڑتا جا رہا ہے اور وہ نجی محفلوں میں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی نظام انتخاب کے خلاف موثر اور سنجیدہ کاوشوں کے قائل ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ فقرہ زبان زد عام ہے کہ ’’ڈاکٹر طاہر القادری انتخابات سے قبل نظام کی تبدیلی کے حوالے سے جو کہتے تھے وہ درست ثابت ہوا ہے‘‘

پاکستان عوامی تحریک کراچی کے آرگنائزر اطہر صدیقی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے جس سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے۔ عوام کو اپنے حقوق کا پتہ نہیں اور نہ ہی انہیں حاصل کرنے کا شعور ہے۔ اسلئے ہم پسے ہوئے طبقے میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بیدار کر رہے ہیں۔ جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے ان کو طبی اور فنی سہولتیں دی جائیں۔ عوام کو حقیقی ریلیف اس وقت نصیب ہو گا جب نظام تبدیل ہو گا۔ موجودہ نظام نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں خواتین کو تحفظ حاصل ہو اورعوام کی فلاح و بہبود ہو اور انسانی اقدار پروان چڑھیں۔ منہاج القرآن ویمن ونگ کراچی کی صد تسبیحہ شفیق نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی عوام کی مشکلات میں اضافہ کرے گی۔ وہ ویمن لیگ گلشن کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ایک ماہ کی کارکردگی نے ثابت کردیا کہ عوام کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں اس موقع پر حاجی اقبال میمن، محمد اظہر، عتیق چشتی، راؤ طیب، رانی ارشد، ارشد مقصود اور دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top