روزہ نفس کے بے لگام گھوڑے کو قابو کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

بندگی کا فہم و ادراک سیکھنے کیلئے روزہ نعمت عظیم ہے
باطنی اصلاح اور روحانی بالیدگی رمضان المبارک کا حاصل ہو سکتی ہیں
غربت کے خاتمے کیلئے زکوۃ کے فلسفے کو حقیقی روح کے ساتھ سمجھنا ہو گا
روزہ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے دکھ اور مسائل حل کرنے کی تحریک پیدا کرتا ہے
رمضان المبارک نفسانی خواہشات کے چنگل سے آزادی کیلئے ایک ماہ کی روحانی ورکشاپ ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا رمضان مقدس کے آغاز پر قوم کے نام پیغام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے رمضان مقدس کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہ صیام مسلمانوں کیلئے اللہ کی طرف سے خوشیوں بھری یہ ندا لے کر آتا ہے کہ ’’میری رحمت جوش میں ہے جو اپنا دامن برکتوں، سعادتوں اور نعمتوں سے بھرنا چاہتا ہے میری طرف لوٹ آئے، اسے خالی نہیں لوٹاؤں گا‘‘۔ اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ باری تعالیٰ کی ذات سے ٹوٹے تعلق کو کیسے بحال اور مضبوط کرتے ہیں۔ بندگی کا فہم و ادراک سیکھنے کیلئے روزہ نعمت عظیم ہے۔ روزہ جہاں بھوک، پیاس اور خواہشات نفس کے خلاف بند باندھنے کا اہتمام کرتا ہے وہیں استحصال زدہ اور خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے معاشرے کے کروڑوں افراد کے دکھ اور مسائل کو سمجھ کر ان کے حل کرنے کی تحریک بھی پیدا کرتا ہے۔ زکوۃ کی ادائیگی کا عمل رمضان المبارک کے ماہ مبارک کے ساتھ جوڑ کر اللہ نے امت مسلمہ کو معاشی ناہمواری کے خاتمے کا عظیم درس بھی دیا ہے۔ غربت کے خاتمے کیلئے زکوۃ کے فلسفے کو حقیقی روح کے ساتھ سمجھنا ہو گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بندہ چاہے تو باطنی اصلاح اور روحانی بالیدگی رمضان المبارک کا حاصل بن سکتی ہیں۔ روزہ نفس کے بے لگام گھوڑے کو قابو کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ خواہشات کو محدود کر کے انہیں بامقصد بنانا اور مسلمانوں اور انسانیت کی فلاح کی طرف قدم بڑھانے کے عزم کو عملی شکل دینے کیلئے روزہ سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ رمضان المبارک روح کو توانا کرنے اور نفسانی خواہشات کے چنگل سے آزادی کیلئے ایک ماہ کی روحانی ورکشاپ ہے جو سال کے دیگر ایام میں بندے اور اللہ کے تعلق کو برقرار رکھنے میں نہایت ممدو معاون ہوتی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ رمضان المبارک ہر مسلمان کو اجر و ثواب اور قربت الہی کے جام پلاتا ہے۔ سحری و افطاری کے اوقات میں خاندانی وحدت کا بھی عجیب نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کی شکل میں اللہ نے امت مسلمہ کو عظیم تحفہ دیا ہے جس میں قربت الہی کے مواقع عام حالات سے ہزاروں گنا بڑھ جاتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top