رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور

رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی بجائے ہوشرباء اضافہ عذاب سے کم نہیں
شرعی اور آئینی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو حکومت کے غریب کش اقدامات قرار دیا ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو سحری و افطاری اور تراویح میں شدید مشکلات درپیش ہیں جس کی شرعی اور آئینی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، عاقل ملک، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ساجد بھٹی، میاں زاہد جاوید، حافظ غلام فرید اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے۔ عبادات کی کثرت اس ماہ مقدس میں مسلمانوں کیلئے نجات و بخشش کا ذریعہ ہے مگر بجلی کا غائب ہوناحکمرانوں کی طرف سے عوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی بجائے ہوشرباء اضافہ عذاب سے کم نہیں جس کا ذمہ دار مقتدر طبقہ ہے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر ہر پاکستانی دل گرفتہ ہے۔ پرامن حل کیلئے سیاسی جماعتیں اور حکومت مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ایثار و قربانی اور خود احتسابی کا تقاضا کرتا ہے۔ ضرورت رمضان المبارک کی حقیقی روح پر عمل کرنے کی ہے، اگر ہم رمضان لمبارک کے مقدس ماہ میں اپنے حقوق و فرائض ادا کرنے کا پختہ عہد کر لیں تو آنے والے مہینے ہمارے لئے خوشیوں کا پیغام لا سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top